جموں// جموں و کشمیر کے ضلع کٹھوعہ میں منگل کی صبح ایک فوجی ہیلی کاپٹر تکنیکی خرابی کے سبب گر کر تباہ ہو گیا، جس کے نتیجے میں دونوں پائلٹ لیفٹیننٹ کرنل اور کیپٹن سمیت 3افراد ہلاک ہوئے، جنکی لاشیں بر آمد کی جاچکی ہیں۔ ایس ایس پی کھٹوعہ کے مطابق یہ حادثہ ضلع کٹھوعہ کے بسوہلی علاقے میں منگل کی صبح 11بجکر 45 منٹ پر پیش آیا۔انہوں نے بتایا کہ ایک فوجی ہیلی کاپٹر، جس میں دو پائلٹ سمیت نا معلوم فوجی سوار تھے،کسی تکنیکی خرابی کے سبب رنجیت ساگر ڈیم کھٹوعہ میں گرگیا۔ واقعہ پیش آتے ہی بچاؤ آپریشن کے لئے فوج اور پولیس کی ٹیمیں جائے واردات کی طرف بھیج دی گئیں اور کئی گھنٹوں کے بعد تباہ شدہ ہیلی کاپٹر کا کچھ حصہ بر آمد کیا گیا۔دفاعی حکا م نے بتایا کہ یہ ہیلی کاپٹر 454آرمی ایوی ایشن سکارڈن کا تھا اورکے اے ایل ایچ ڈھورو ہیلی کاپٹر نے منگل کی صبح پنجاب کے پٹھان کوٹ سے اڑان بھری اور کٹھوعہ میں رنجیت ساگر ڈیم کے اوپر پرواز کے دوران یہ ڈیم میں گر کر تباہ ہو گیا۔ جس جگہ ہیلی کاپٹر تباہ ہوگیا وہاں پر ڈیم کی گہرائی 250فٹ ہے۔انہوں نے بتایا’’حادثے کا شکار ہونے والے ہیلی کاپٹر میں دو پائلٹ سمیت کئی لوگ سوار تھے‘‘۔ رنجیت ساگر ڈیم کے حدود پنجاب، ہماچل پردیش اور جموں وکشمیر کے ساتھ ملتے ہیں۔حکام نے بتایا کہ ڈیم کے ارد گرد علاقے کو گھیرے میں لیا گیا ہے جہاں فوج اور دیگر سیکورٹی دستے تعینات کردیئے گئے ہیں۔پولیس کے مطابق شام تک ہیلی کاپٹر کے کچھ تباہ شدہ حصے، تیل کی ٹینکی،ہیلمٹ اور ایک پائلٹ کا شناختی کارڈ بر آمد کئے گئے ہیں۔