بارہمولہ//محکمہ جنگلات نے رفیع آباد بارہمولہ میں گزشتہ کئی دنوں کے دوران لاکھوں روپئے مالیت کی عمارتی لکڑی اورتین گھوڑے ضبط کئے۔ ڈیوژنل فارسٹ افسر لنگیٹ عبدالحمیدنے بتایاکہ رفیع آباد کے مضافاتی جنگل میں سرسبز درخت کاٹنے کی ایک مصدقہ اطلاع ملنے کے بعد علاقے میںمحکمہ جنگلات اورفارسٹ پروٹیکشن فورس پر مشتمل کئی ٹیمیں تشکیل دی گئیں۔انہوںنے کہاکہ چھاپہ مار ٹیموںنے حالیہ دنوں میں رات کے وقت جنگل اسمگلروں کی نقل وحمل پرکڑی نگاہ رکھی گئی اورالگ الگ مقامات پرناکے لگاکر حالیہ دنوںمیں جنگلوں سے غیرقانونی طورپرکاٹی گئی لاکھوں روپئے مالیت کی عمارتی لکڑی ضبط کی گئی ۔ اس دوران عمارتی لکڑی کوایک جگہ سے دوسری جگہ پہنچانے کیلئے استعمال میں لائے جارہے تین گھوڑے بھی ضبط کئے ۔ انہوںنے کہ ضبط شدہ عمارتی لکڑی میں کائرو ،بدھل اوردیودارکی لکڑی بھی شامل تھی جوڈوگری پورہ رفیع آباداوردیگر مقامات سے ضبط کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ایسی کاروائیاں آگے بھی جاری رہیں گی اور جو بھی اس میں ملوث پایا جائے گا اُس کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔