غلام محمد
سوپور// ایک بروقت اور منظم بچائوکارروائی میں 32 راشٹریہ رائفلزکے اہلکاروں نے ہفتہ کے روز ضلع بارہمولہ کے بالائی رفیع آباد علاقے کے گاؤں حمام کے قریب شدید برفباری اور انتہائی پھسلن والی سڑک کے باعث پھنس جانے والی ایک مسافر بس کے مسافروں کو بحفاظت نکال لیا۔حکام کے مطابق مسافروں سے بھری بس برف سے ڈھکی اور برفانی سڑک پر پھسل گئی، جس کے باعث گاڑی رک گئی اور مسافر سخت موسمی حالات میں پھنس کر رہ گئے، جس سے مقامی لوگوں میں تشویش پھیل گئی۔اطلاع ملتے ہی 32 آر آر کی بچائوٹیم فوری طور پر متحرک ہوئی اور موقع پر پہنچ گئی۔ مسلسل برفباری، کم حدِ نگاہ اور دشوار گزار راستوں کے باوجود فوجی اہلکار بلا تاخیر جائے وقوعہ تک پہنچے اور صورتحال کو سنبھال لیا۔اہلکاروں نے مزید حادثات سے بچنے کے لیے علاقے کو محفوظ بنایا، پھنسے ہوئے مسافروں کو تسلی دی اور نہایت احتیاط کے ساتھ انخلا ء اور بس کی بحالی کا عمل شروع کیا۔ شدید سردی کے پیش نظر بزرگ مسافروں، خواتین اور بچوں کی حفاظت پر خصوصی توجہ دی گئی۔قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ حمام گاؤں اور ملحقہ علاقوں کے رہائشیوں نے بچائو کارروائی میں بھرپور تعاون کیا۔ مقامی شہریوں نے فوجی اہلکاروں کو راستہ دکھانے، لاجسٹک مدد فراہم کرنے اور مسافروں کے محفوظ انخلا میں اہم کردار ادا کیا۔یہ کامیاب بچائو کارروائی بھارتی فوج کی فوری ردِعمل، پیشہ ورانہ صلاحیت اور انسانی ہمدردی کے جذبے کے ساتھ ساتھ سیکورٹی فورسز اور مقامی آبادی کے درمیان مضبوط تعاون کی مثال ہے۔ مسافروں نے بروقت مدد پر فوج اور مقامی افراد کا شکریہ ادا کیا جس سے ایک ممکنہ سنگین صورتحال ٹل گئی۔