یو این ایس
سرینگر// رشوت ستانی ،آمدنی سے زائد غیر قانونی اثاثوں اور بدعنوانی کے خلاف سرکار کی طرف سے جاری کاررائیوں کے بیچ گذشتہ ایک ماہ کے دوران انسداد رشوت ستانی ایجنسیوں نے محکمہ مال کے 4 پٹواریوں سمیت 7 رشوت خور ملازمین کو دھر کر سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا اور عوامی حلقوں نے ایسی تیز تر کارروائیوں کی سراہنا کرتے ہوئے بد عنوانوں کی غیر قانونی جائیدادوں کو ضبط کرنے پر زور دیا ہے ۔ 20دسمبر کو پنجورہ شوپیان میں بدنام زمانہ پٹواری عاشق حسین شاہ ساکن ترکہ وانگام شوپیان کواے سی بی ٹیم نے 25000 روپے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا اور اس کے خلاف FIR نمبر 05/2025 کے تحت کیس درج کیا گیا اور تحقیقات کا آغاز کیا گیا۔بعد ازاں ایگزیکٹو مجسٹریٹ اور آزاد گواہوں کی موجودگی میں ملزم پٹواری کے رہائشی مکان کی تلاشی لی گئی۔ اے سی بی نے اب تحقیقات کا دائرہ وسیع کردیا ہے تاکہ مذکورہ پٹواری کی آمدنی سے زائد اثاثوں اور اس کے قریبی رشتہ داروں کی غیر قانونی جائیداد کا پتہ لگایا جائے ۔
اسی دوران اینٹی کرپشن بیورونے 26دسمبر کو اننت ناگ میںمحکمہ دیہی ترقی رورل انجینئرنگ ونگ کے کلرک منظور احمدآہنگر کو رشوت لیتے ہوئے گرفتار کیا اور کیس ایف آئی آر نمبر 06/2025 P/C ایکٹ 1988 کے تحت 7 پی ایس اے درج کیا گیا ۔3جنوری کواے سی بی ٹیم نے تحصیل آفس شالہ ٹینگ سرینگر کے کلرک لائق احمد ناتھ کو غیر قانونی طور پر2ہزار روپے کی رقم رشوت لیتے ہوئے پکڑ لیا اور ایف آئی آر نمبر 01/2026 U/S 7 PC ایکٹ 1988 درج کیا ۔6جنوری کو اے سی بی نے لدھا تحصیل مونگری، ضلع ادھم پورمیںپٹواری پردھان سنگھ کو 5ہزار روپے کی رشوت مانگنے اور قبول کرنے کی پاداش میں گرفتار کرکے FIR نمبر 01/2026درج کیا گیا۔اے سی بی نے 10جنوری کو حلقہ رکھ سوتھو بڈگام کے پٹواری ریاض احمد خان کو 10ہزار روپے رشوت لیتے ہوئے گرفتار کیااور اس کے خلاف ایف آئی آر نمبر 02/2026 U/S 7 PC ایکٹ 1988درج کی گئی ۔اسی طرح کی ایک اور کارروائی کے دوران سنٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن حلقہ صوف شالی، کوکرناگ اننت ناگ میں تعینات پٹواری اور چوکیدار کو 15000 روپے رشوت کے معاملے میں گرفتار کیا۔جنوبی کشمیر میں اینٹی کرپشن بیورو کے ہاتھوں پے در پے کاروائیوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے عوامی حلقوں نے شوپیان کے بدنام زمانہ پٹواری عاشق حسین شاہ کی گذشتہ12برسوں کے دوران حاصل کئے گئے غیر قانونی اثاثوں جن میں ترکہ وانگام میں ایک پیٹرول پمپ اور قصبہ پلوامہ میں ایک عالیشان مکان اور مہنگی گاڑیوں کے ساتھ ساتھ دیگر غیر قانونی جائیداد کو ضبط کرنے کا مطالبہ دہرایا ہے ۔لوگوں کا کہنا ہے کہ مذکورہ پٹواری نے ضلع میں گذشتہ کئی برسوں سے رشوت کا بازار گرم کر رکھا تھا اور اپنے کئی ساتھیوں اور ایجنٹوں کو اس کام پر مامور رکھا تھا ۔