یو این آئی
اقوام متحدہ// اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انٹونیو گوٹیریس روس میں ویگنر گروپ کی نجی ملٹری کمپنی (پی ایم سی) کی طرف سے مسلح بغاوت کی کوشش سے متعلق پیش رفت پر “تشویش کے ساتھ” نظر رکھ رہے ہیں اور دونوں فریقوں سے مزید کشیدگی سے بچنے کی درخواست کررہے ہیں۔ گوٹیرس کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سیکرٹری جنرل روسی فیڈریشن میں ہونے والی پیش رفت پر تشویش کا اظہار کر رہے ہیں۔ وہ تناؤ کو کم کرنے کے اقدامات کے حوالے سے تازہ ترین رپورٹس سے آگاہ ہیں۔ انہوں نے تمام متعلقہ فریقوں پر زور دیا کہ وہ ذمہ داری سے کام کرتے رہیں اور مزید کشیدگی سے گریز کریں۔روسی فیڈرل سیکیورٹی سروس (ایف ایس بی) نے جمعہ کو ویگنر پی ایم سی کے سربراہ یوگینی پریگوزن کے بیانات پر مسلح بغاوت پر اکسانے کے لیے ایک فوجداری مقدمہ درج کیا۔ ایف ایس بی نے کہا کہ روسی سرزمین پر کشیدگی میں اضافے کا خطرہ ہے ۔ روسی وزارت دفاع نے کہا کہ پی ایم سی ویگنر کیمپوں پر مبینہ روسی فوجی حملوں کی سوشل میڈیا رپورٹس درست نہیں ہیں۔