یواین آئی
اندور/کلدیپ سین (پانچ وکٹیں) اور کمار کارتیکیہ (تین وکٹیں) کی بہترین گیند بازی کے دم پر مدھیہ پردیش نے رنجی ٹرافی کے دوسرے کوارٹر فائنل کے پہلے دن جمعہ کو جموں و کشمیر کو 194 رنز کے اسکور پر سمیٹ دیا۔ دن کا کھیل ختم ہونے تک مدھیہ پردیش نے بغیر کسی نقصان کے 28 رنز بنائے ہیں۔آج یہاں مدھیہ پردیش نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ بیٹنگ کے لیے اترنے والی جموں و کشمیر کی ٹیم پہلی اننگز میں مدھیہ پردیش کے باؤلنگ اٹیک کے سامنے 67 اوورز میں 194 کے اسکور پر ڈھیر ہو گئی۔ جموں و کشمیر کی جانب سے شبھم کھجوریا نے سب سے زیادہ 60 رنز کی اننگز کھیلی۔ ان کے علاوہ یدھویر سنگھ چرک نے 41، کپتان پارس ڈوگرا نے 33، جبکہ عبدالصمد اور ونش راج شرما نے 16، 16 رنز بنائے ۔ ٹیم کے پانچ بلے باز دہائی کا ہندسہ بھی عبور نہ کر سکے ۔مدھیہ پردیش کی جانب سے کلدیپ سین نے پانچ وکٹیں حاصل کیں، جبکہ کمار کارتیکیہ کے حصے میں تین وکٹیں آئیں۔ آرین پانڈے نے بھی دو بلے بازوں کو آؤٹ کیا۔جواب میں بیٹنگ کے لیے اترنے والی مدھیہ پردیش کی ٹیم نے پہلے دن کا کھیل ختم ہونے تک 10 اوورز میں بغیر کسی وکٹ کے نقصان کے 28 رنز بنائے تھے ۔ اس وقت ہرش گولی (8 ناٹ آؤٹ) اور یش دوبے (14 ناٹ آؤٹ) کریز پر موجود ہیں۔