بانہال // ضلع رام بن میں کورونا متاثرین کی تعداد میں جہاں مسلسل اضافہ ہورہا ہے، وہیں ضلع میں اس سال مارچ سے ابتک 26 افراد کویڈ کی وجہ سے ہلاک ہو گے ہیں۔ کویڈ سے مرنے والوں کی سب سے زیادہ تعداد سب ڈویژن بانہال سے ہے جہاں یکم اپریل سے اب تک 15 افراد کویڈ کا شکار ہوئے ہیں۔ضلع رام بن میں گزشتہ روز 77 افراد کے کویڈ نمونے مثبت آئے ہیں۔جمعہ کی شام تک دستیاب سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ضلع کے کل 5474 افراد کے کویڈ نمونے اب تک مثبت آئے ہیں جن میں سے 4497 صحتیاب ہوئے ہیں جبکہ ایکٹیو پازیٹیو کیسوں کی تعداد 787 ہے۔جمعہ کی صبح ضلع ہسپتال رام بن میں خاتون کی کویڈسے ہوئی موت کے بعد ضلع رام بن میں 57 افراد ہلاک ہو گے ہیں۔جن میں 26 افراد کویڈ کی دوسری لہر میں جان گنوا چکے ہیں جن میں سے پندرہ کا تعلق سب ڈویژن بانہال سے ہے۔ جمعرات تک پورے ضلع میں 86662 افراد کو کویڈ ٹیکے لگائے گئے ہیں۔ ان میں سے ضلع ہسپتال رام بن میں 5474 ، میڈیکل بلاک بانہال میں 19396 ، اکڑال میڈیکل بلاک میں 17049 ،گول بلاک میں 16153 اور میڈیکل بلاک بٹوٹ میں سب زیادہ 28590 کووڈ ویکسین لوگوں کو لگائے گئے ہیں۔اس دوران پچھلے چوبیس گھنٹوں کے دوران جمعہ کی صبح تک ضلع رام بن میں ایک بزرگ خاتون اور ایک نوجوان سمیت تین افراد جاں بحق ہوئے ہیں جن میں 26 سالہ نوجوان شیراز احمد وانی ولد محمد ایوب وانی ساکنہ نیل بانہال بھی شامل ہیں۔ شیراز احمد کی موت گورنمنٹ میڈیکل کالج اننت ناگ میں ہوئی۔ اس کے علاہ منیر احمد بٹ ولد خضر محمد بٹ ساکنہ باسن پوگل پرستان کی موت گورنمنٹ میڈیکل کالج ڈوڈہ اور شاہ بیگم زوجہ عبدالغنی گیری ساکنہ بنکوٹ کی موت ضلع ہسپتال رام بن میں واقع ہوئی۔ بلاک میڈیکل افسر بانہال ڈاکٹر رابعیہ خان نے کہا کہ بانہال میڈیکل بلاک میں مارچ سے اب تک پندرہ افراد کویڈ کی وجہ سے لقمہ اجل بنے ہیں جبکہ بانہال میڈیکل بلاک میں 19488 افراد کو کووڈانیس ویکسین کے ٹیکے لگائے گئے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔