بانہال // رام بن ضلع کی تحصیل راج گڑھ کے جھٹگلی علاقے میں اتوار کی رات معمولی تکرار کے بعد شوہر نے مبینہ طور اپنی اہلیہ پر تیز دھاروں والے ہتھیار سے حملہ کردیا جس کے نتیجے میں اس کی اہلیہ شدید زخمی ہوگئی ہے اور اسے ضلع ہسپتال رام بن منتقل سے گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں منتقل کیا گیا ہے۔اطلاعات کے مطابق ملزم تیرتھ سنگھ ولد کرشن لال ساکنہ جھٹگلی تحصیل راج گڑھ ضلع رام بن، جو پیشے سے استاد بتائے جاتے ہیں،نے مبینہ طور اتوار کی شب اپنی اہلیہ شالدہ دیوی سے معمولی تکرار کے بعد تیز دھار ہتھیار ( کلہاڑی ) سے حملہ کرکے اسے قتل کرنے کی کوشش کی اور اس حملے میں اس کی اہلیہ شدید طور سے زخمی ہوگئی ہے اور سر کے علاوہ جسم کے دوسرے حصوں پر زخم آئے ہیں ۔ ایک عینی شاہد ہری کمار نے رام بن میںذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا کہ شور سننے کے بعد وہاں لوگ جمع ہوگئے اور پڑوسیوں کی مدد سے زخمی شالدہ دیوی کو جھٹگلی راج گڑھ سے ضلع ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں سے اسے مزید علاج کیلئے گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں منتقل کیا گیا ۔اس سلسلے میں زخمی خاتون کے والد نے رام بن پولیس سٹیشن میں ایک تحریری شکائت درج کی ہے جس میں انہوں نے اپنی بیٹی شالدہ دیوی پر اس کے شوہر اور ساس کی طرف سے شادی کے دن سے ہی ظلم و ستم ڈھانے کے الزامات عائد کئے ہیں۔ رام بن پولیس کا کہنا ہے کہ زخمی خاتون شالدہ دیوی کے والد کی طرف سے ایک تحریری درخواست آئی ہے اور اس پر متعلقہ دفعات کے تحت کارروائی کی جائے گی۔ ادھر ملزم شوہر تیرتھ سنگھ ابھی فرارہے اور پولیس کاروائی کے بعد جلد ہی اس کی گرفتاری متوقع ہے۔