بانہال // جموں سرینگر شاہراہ رام بن بیلی پل سے بانہال تک دن بھر ٹریفک جام کے نرغے میں رہتی ہے اور 30کلو میٹر کا سفر کم سے کم 7گھنٹوں میں طے ہورہا ہے۔یہ ایک دن کی بات نہیں بلکہ روز کا معمول ہے۔رام بن اور بانہال سیکٹر میں شدید نوعیت کا ٹریفک جام سنیچر کو بھی شام تک جاری رہا۔سنیچر کی صبح سے ہی کیلا موڑ رام بن کے بیلی پل سے بانہال تک شاہراہ کے متعدد مقامات پر بھاری ٹریفک جام رہا اور بانہال اور بیلی پل کے درمیان قریب30 کلومیٹر کا سفر طے کرنے کیلئے مسافر گاڑیوں کو کم از کم سات گھنٹوں تک ٹریفک جام کے جھمیلوں میں پھنسے رہنا پڑا۔ صبح سے ہی ٹریفک جام میں پھنسے ٹنگمرگ کے ایک مسافر طارق احمد نے فون پر کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ وہ سرینگر سے بانہال تک معمول کے وقت پر پہنچ گئے لیکن بانہال سے کیلاموڑ پل تک شاہراہ پر ٹرکوں اور مسافر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگی رہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس دوران مخالف سمت سے بھی ٹریفک چل رہا تھا جو بدترین ٹریفک جام کا موجب بھی بنا۔ ٹریفک کنٹرول روم رام بن حکام نیکشمیر عظمیٰ کو بتایا جمعہ کے روز شاہراہ کی مرمت کے دن بیلی پل کے نیچے سے تعمیر کی گئی دیوار اور سڑک کی فلنگ کی جارہی تھی اور پل کی بھرائی کیلئے پل کے لوہے کے چند شیٹ کھول دینا پڑے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ان میں سے ایک شیٹ اکھڑ گیا تھا جس کی وجہ سے وہاں ٹریفک سست روی کا شکار ہے اور گاڑیوں کو ایک ایک کرکے آگے جانے کی اجازت دی گئی۔انہوں نے کہا کہ اس کی وجہ سے گاڑیوں کی لمبی لمبی قطاریں رامسو اور بانہال تک جا پہنچیں۔ انہوں نے کہا کہ ہفتے کی صبح وادی کشمیر سے جموں کی طرف آنے والی تین ہزار سے زائد چھوٹی بڑی گاڑیوں نے رام بن کا علاقہ عبور کیا تھا۔