راجوری //ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر راجوری میں ایگزیکٹو مجسٹریٹوں کی مختلف ٹیموں نے ایک ساتھ 47سکولوں کا معائنہ کیا جس دوران چار اساتذہ کو ڈیوٹی سے غیر حاضر پایاگیاجبکہ 57 اساتذہ تعطیل پر تھے ۔ضلع بھر میں اچانک معائنہ صبح دس بجے سے گیارہ بجے کے درمیان کیاگیا ۔ اس حوالے سے رپورٹ ڈپٹی کمشنر کو پیش کردی گئی ہے جس کے مطابق چار اساتذہ ڈیوٹی سے غیر حاضر تھے جبکہ آٹھ سکولوں کے رجسٹر حاضری برقرار نہیںتھے ۔وہیںدس سکولوں میں طلباءکی حاضری مایوس کن تھی جبکہ بڑی تعداد میں خواتین اساتذہ چائلڈ کیئر تعطیل پر تھیں اور انہوںنے کسی بھی اجازت بھی نہیں لی ۔ اس دوران پایاگیاکہ ستاون اساتذہ چھٹی پر ہیں لیکن ان کی چھٹی کی درخواست کو منظوری نہیں ملی ۔ اس کے علاوہ چودہ اساتذہ کو ڈیپوٹیشن یا اٹیچ منٹ پر پایاگیا۔اس دوران پایاگیاکہ مختلف سکولوں میں72 اساتذہ کی اسامیاں خالی پڑی ہوئی ہیں ۔