سمت بھارگو
راجوری//ضلع راجوری کے سرحدی گاؤں ڈھانگری کی تنگ و غبار آلود گلیوں سے ایک ننھی سی کرکٹر اپنے بڑے خوابوں کی جانب خاموشی سے سفر طے کر رہی ہے۔ تیرہ سالہ مانوی شرما ہاتھ میں بیٹ اور دل میں عزم لے کر ثابت کر رہی ہے کہ صلاحیت وسائل کی محتاج نہیں ہوتی۔ایک سادہ اور مالی طور پر محدود خاندان سے تعلق رکھنے والی مانوی کے گھرانے کا کھیلوں سے کوئی خاص تعلق نہیں رہا، لیکن اس کمسن بچی کے دل میں کرکٹ کا شوق بچپن ہی سے موجزن تھا۔ اس کا سفر کسی بڑی اکیڈمی سے نہیں بلکہ گاؤں کی گلیوں سے شروع ہوا، جہاں وہ اینٹوں کے بھٹے پر کام کرنے والے مزدوروں کے بچوں کے ساتھ گلی کرکٹ کھیلا کرتی تھی۔صرف آٹھ برس کی عمر میں اس نے بیٹ سنبھالا اور جلد ہی اس کے کھیل میں چھپی صلاحیت نمایاں ہونے لگی۔ گاؤں کے چند سینئر کرکٹرز، جو خود مقامی سطح پر جانے جاتے ہیں، نے مانوی کی غیر معمولی صلاحیت کو پہچان لیا۔
انہوں نے اس کی حوصلہ افزائی کی اور اسے باقاعدہ کرکٹ کھیلنے کا مشورہ دیا۔ حوصلہ افزائی اور رہنمائی نے مانوی کے اعتماد میں اضافہ کیا اور وہ لڑکوں کے ساتھ کھیلتے ہوئے خود کو منوانے لگی۔مزید بہتری کے عزم کے ساتھ مانوی نے اپنے گھر کے قریب ایک عارضی پچ تیار کر لی، جہاں وہ روزانہ گھنٹوں بیٹنگ اور بائولنگ کی پریکٹس کرتی ہے۔ محدود وسائل کے باوجود اس کی لگن نے اس کے گھر کو ہی ایک چھوٹے کرکٹ گرائونڈ میں بدل دیا ہے۔اس کی محنت اْس وقت رنگ لائی جب اس نے جموں و کشمیر کرکٹ ایسوسی ایشن (جے کے سی اے) کی جانب سے منعقدہ انڈر 15 گرلز ٹیم کے ٹرائلز میں حصہ لیا۔ پورے یو ٹی سے آئی باصلاحیت کھلاڑیوں کے درمیان مانوی نے اپنی جگہ بنائی اور قومی سطح کی چمپئن شپ میں ٹیم کی نمائندگی کی، جو ایک سرحدی ضلع کی بچی کے لئے بہت بڑا کارنامہ ہے۔فی الحال مانوی ضلع سطح پر راجوری میں ہونے والے مقامی ٹورنامنٹس میں سرگرمی سے حصہ لے رہی ہے۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ وہ اکثر لڑکوں کے ساتھ کھیلنے والی واحد لڑکی ہوتی ہے، جو اس کے حوصلے اور مقابلہ کرنے کی صلاحیت کو ظاہر کرتا ہے۔ ضلع کے سینئر کرکٹرز اسے زیادہ سے زیادہ مواقع دے رہے ہیں تاکہ اس کا تجربہ اور مہارت مزید نکھر سکے۔اس کے والدین، مقامی حامی اور اساتذہ سب اس کے خوابوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ مانوی کا ایک ہی خواب ہے — ایک دن بھارتی جرسی پہن کر قومی گرلز کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کرنا۔راجوری جیسے سرحدی علاقے میں، جہاں زیادہ تر خبریں کشیدگی سے جڑی ہوتی ہیں، مانوی شرما کی یہ کہانی امید، حوصلے اور عزم کی روشن مثال بن کر ابھری ہے۔معروف سینئر کرکٹر مہندر سنگھ دھونی نے مانوی کی صلاحیتوں کو غیر معمولی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کا کھیل اور لگن شاندار ہے اور وہ ایک دن ملک کی نمائندگی ضرور کرے گی۔سابق رنجی کھلاڑی انکش گپتا نے بھی امید ظاہر کی کہ مانوی کو بھرپور مواقع ملیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے دور میں سہولیات کم تھیں، لیکن وہ دعاگو ہیں کہ مانوی کو بہتر مواقع ملیں اور وہ ملک کا نام روشن کرے۔