عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//موٹر وہیکلز ڈیپارٹمنٹ راجوری نے اے آر ٹی او عاشق رفیق ملک کی نگرانی میں ضلع کے مختلف علاقوں میں گاڑیوں کی بڑے پیمانے پر چیکنگ مہم چلائی۔ اس دوران ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی گئی۔محکمہ کے مطابق مہم کے دوران مجموعی طور پر 70 گاڑیوں کی جانچ کی گئی، جن میں مختلف نوعیت کی خلاف ورزیوں پر 16 چالان جاری کیے گئے، جبکہ سنگین خلاف ورزیوں کے باعث 4 گاڑیوں کو ضبط کر لیا گیا۔ جاری کردہ چالانوں سے تقریباً 50 ہزار 400 روپے جرمانے کی وصولی متوقع ہے۔
حکام نے بتایا کہ ٹریفک قوانین کی سنگین خلاف ورزی پر دو ڈرائیونگ لائسنس (ڈی ایل) معطل کرنے کی سفارش بھی کی گئی ہے۔ کارروائی کے دوران کئی ڈرائیور حضرات کو قوانین کی پابندی کرنے کی ہدایت دی گئی تاکہ سڑک حادثات میں کمی لائی جا سکے۔چیکنگ مہم کے دوران اے آر ٹی او عاشق رفیق ملک نے مسافروں سے بھی بات چیت کی اور ٹرانسپورٹروں کی جانب سے وصول کیے جانے والے کرایوں کی جانچ کی۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ اگر کسی بھی گاڑی میں مقررہ کرایہ سے زیادہ رقم وصول کی جائے یا ٹرانسپورٹ قوانین کی خلاف ورزی ہو تو اس کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ حکام کو دی جائے۔مہم کے دوران جن خلاف ورزیوں کا پتہ چلا ان میں بغیر ڈرائیونگ لائسنس گاڑی چلانا، اوور لوڈنگ، اسپیڈ لیمیٹنگ ڈیوائس (SLD) کے بغیر گاڑی چلانا، گاڑیوں میں غیر مجاز تبدیلیاں، بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانا، مقررہ یونیفارم کے بغیر ڈرائیونگ، خطرناک ڈرائیونگ اور ٹریفک حکام کی ہدایات کی خلاف ورزی شامل ہیں۔اے آر ٹی او نے کہا کہ سڑکوں پر عوامی تحفظ کو یقینی بنانے، ٹریفک نظم و ضبط برقرار رکھنے اور حادثات کا سبب بننے والی خلاف ورزیوں پر قابو پانے کے لیے آئندہ بھی اس طرح کی سخت چیکنگ مہمات جاری رہیں گی۔چیکنگ ٹیم میں موٹر وہیکل انسپکٹر (MVI) راجیو کندل، اسسٹنٹ موٹر وہیکل انسپکٹر (AMVI) نیتن سنگھ اور محکمہ موٹر وہیکلز راجوری کے دیگر افسران شامل تھے۔