عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//راجوری قصبہ میں پیش آنے والے دو مختلف سڑک حادثات میں موٹر سائیکل سوار تین نوجوان زخمی ہو گئے۔ حادثات شاہراہ پر پیش آئے جس کے بعد زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد فراہم کی گئی۔اطلاعات کے مطابق پہلا حادثہ راجوری کے نزدیک پھلیانہ کے مقام پر پیش آیا جہاں ایک موٹر سائیکل کار سے ٹکرا گئی۔ اس حادثے میں موٹر سائیکل پر سوار دو نوجوان زخمی ہو گئے۔ مقامی لوگوں اور اہلکاروں کی مدد سے دونوں زخمیوں کو فوری طور پر قریبی آرمی ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں انہیں ابتدائی طبی امداد دی گئی۔ بعد ازاں ڈاکٹروں نے انہیں گورنمنٹ میڈیکل کالج سے منسلک ہسپتال راجوری منتقل کر دیا۔ حکام کے مطابق دونوں نوجوان زیر علاج ہیں اور خطرے سے باہر بتائے جا رہے ہیں۔
دوسرا حادثہ الفا گیٹ کے قریب شاہراہ پر پیش آیا جہاں موٹر سائیکل زیر نمبر JK11E–5405 اچانک پھسل کر حادثے کا شکار ہو گئی۔ اس حادثے میں موٹر سائیکل سوار نوجوان شدید زخمی ہو گیا۔ زخمی کی شناخت محمد آصف ولد مقبول حسین، عمر 19 سال، سکنہ منگل ناڑ لاڈوٹ کے طور پر ہوئی ہے۔حادثے کے فوراً بعد مقامی لوگوں نے زخمی نوجوان کو نزدیکی آرمی ہسپتال پہنچایا جہاں اسے ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی تاہم حالت تشویشناک ہونے کے باعث ڈاکٹروں نے اسے مزید علاج کے لئے جی ایم سی راجوری ریفر کر دیا۔ جی ایم سی راجوری میں معائنہ کے بعد اس کی نازک حالت کو دیکھتے ہوئے اسے گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں منتقل کر دیا گیا، جہاں اس وقت اس کا علاج جاری ہے۔پولیس نے دونوں حادثات کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ ٹریفک قوانین کی پابندی کریں اور تیز رفتاری سے گریز کریں تاکہ ایسے حادثات سے بچا جا سکے۔