سمت بھارگو
راجوری//ضلع راجوری کے گھمبیر مغلاں علاقے کے دھوری مہل کے گھنے جنگلات میں جاری ملی ٹینٹ د مخالف آپریشن منگل کو مسلسل گیارہویں روز میں داخل ہو گیا، جہاں سیکورٹی فورسز دہشت گردوں کی تلاش میں بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں۔ سیکورٹی ایجنسیاں جنگلاتی علاقوں میں مسلسل کارروائیاں انجام دے رہی ہیں تاکہ علاقے میں چھپے دہشت گردوں کا خاتمہ کر کے مکمل امن و امان بحال کیا جا سکے۔ذرائع کے مطابق سیکورٹی فورسز نے پورے جنگلاتی علاقے میں وسیع پیمانے پر محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں شروع کر رکھی ہیں۔ فوج، جموں و کشمیر پولیس اور دیگر سیکورٹی ایجنسیوں کے اہلکار انتہائی دشوار گزار پہاڑی اور جنگلاتی علاقوں میں مسلسل سرچ آپریشن انجام دے رہے ہیں۔ فورسز جدید نگرانی آلات، ڈرونز اور زمینی ٹیموں کی مدد سے ہر ممکن مقام کی تلاشی لے رہی ہیں تاکہ ملی ٹینٹوںکی نقل و حرکت پر نظر رکھی جا سکے۔حکام کے مطابق یہ کارروائی جنگی بنیادوں پر جاری ہے اور سیکورٹی اہلکار مسلسل سخت موسمی اور جغرافیائی حالات کے باوجود اپنی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں۔
علاقے میں اضافی نفری بھی تعینات کی گئی ہے جبکہ حساس مقامات پر نگرانی مزید سخت کر دی گئی ہے۔ادھر وائٹ نائٹ کور کے جنرل آفیسر کمانڈنگ (جی او سی) لیفٹیننٹ جنرل پی کے مشرا نے کاؤنٹر انسرجنسی فورس (سی آئی ایف) رومیو کے جی او سی میجر جنرل وجے کے ہمراہ گھمبیرمغلاں علاقے کا دورہ کیا اور جاری ’آپریشن شیرووالی‘ کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا۔ دورے کے دوران سینئر فوجی افسران کو زمینی صورتحال، دہشت گردوں کے خلاف جاری کارروائیوں، فوجی حکمت عملی اور اہلکاروں کے لئے کیے گئے انتظامات کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔فوجی حکام نے جنگلاتی علاقوں میں تعینات جوانوں کے لیے لاجسٹک سپورٹ، راشن، طبی سہولیات، مواصلاتی نظام اور دیگر ضروری انتظامات کا بھی جائزہ لیا۔ سینئر افسران نے مختلف آپریشنل پوائنٹس کا معائنہ کرتے ہوئے وہاں تعینات اہلکاروں سے بات چیت کی اور ان کے حوصلے کی تعریف کی۔لیفٹیننٹ جنرل پی کے مشرا نے آپریشن میں شامل فوجی اہلکاروں کی پیشہ ورانہ صلاحیت، ثابت قدمی اور ذمہ داری کے ساتھ فرائض انجام دینے کے جذبے کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ سخت حالات اور طویل آپریشن کے باوجود فوجی جوان بلند حوصلے کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں، جو قابلِ تعریف ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیکورٹی فورسز خطے میں امن و استحکام قائم رکھنے کے لیے پوری طرح پرعزم ہیں۔فوج کے مطابق آپریشن پوری شدت کے ساتھ جاری ہے اور دہشت گرد خطرے کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔ وائٹ نائٹ کور نے بھی اپنے بیان میں کہا کہ جموں خطے میں امن، استحکام اور عوامی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے سیکورٹی فورسز ہر وقت مستعد ہیں۔مقامی ذرائع کے مطابق جنگلاتی علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران نقل و حرکت پر بھی نظر رکھی جا رہی ہے جبکہ قریبی علاقوں میں سیکورٹی بڑھا دی گئی ہے تاکہ ملی ٹینٹ کسی بھی صورت فرار نہ ہو سکیں۔ علاقے کے لوگوں نے بھی سیکورٹی فورسز کی کارروائیوں کی حمایت کرتے ہوئے امن و امان کی بحالی کی امید ظاہر کی ہے۔واضح رہے کہ گھمبیرمغلاں اور اس سے ملحقہ جنگلاتی علاقے ماضی میں بھی ملی ٹینٹ سرگرمیوں کے حوالے سے حساس رہے ہیں، جس کے باعث سیکورٹی فورسز ان علاقوں میں مسلسل نگرانی اور آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں۔