سمت بھارگو
راجوری//راجوری ضلع میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے قریب مشتبہ نقل و حرکت کی اطلاع کے بعد سیکورٹی انتظامات مزید سخت کر دئیے گئے ہیں جبکہ مختلف علاقوں میں وسیع پیمانے پر تلاشی کارروائیاں شروع کر دی گئی ہیں۔ یہ کارروائیاں کلال گاؤں میں ویلیج ڈیفنس کمیٹی (وی ڈی سی) کے ایک رکن کی جانب سے مشتبہ شخص کو دیکھ کر فائرنگ کے واقعہ کے بعد عمل میں لائی گئیں، جس سے سرحدی ضلع میں سیکورٹی خدشات بڑھ گئے ہیں۔سرکاری ذرائع کے مطابق یہ واقعہ گزشتہ رات کلال گاؤں میں پیش آیا، جو ایل او سی کے قریب واقع ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ وی ڈی سی کے ایک رکن نے رات کے وقت مشتبہ نقل و حرکت محسوس کی، جس کے بعد اس نے احتیاطی طور پر فائرنگ کی۔ فائرنگ کی آواز سن کر فوری طور پر سیکورٹی فورسز کو اطلاع دی گئی۔اطلاع ملتے ہی پولیس، فوج اور دیگر سیکورٹی ایجنسیوں کی مشترکہ ٹیموں نے علاقے میں بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔ سیکورٹی اہلکاروں نے کلال گاؤں اور اس کے اطراف کے جنگلاتی اور دشوار گزار علاقوں میں تلاشی لی تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے یا مشتبہ عناصر کا سراغ لگایا جا سکے۔سیکورٹی حکام کے مطابق راجوری ضلع کے حساس اور سرحدی علاقوں میں نگرانی مزید بڑھا دی گئی ہے ناکہ بندیوں میں اضافہ کیا گیا ہے اور رات کے وقت گشت کو بھی تیز کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ دہشت گردانہ واقعہ کو بروقت ناکام بنایا جا سکے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اگرچہ اب تک کسی مشتبہ شخص کی گرفتاری یا براہ راست تصادم کی اطلاع نہیں ملی ہے، تاہم سیکورٹی فورسز مکمل الرٹ پر ہیں اور صورتحال پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔ مقامی لوگوں سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی فوری اطلاع سیکورٹی فورسز کو دیں اور افواہوں سے گریز کریں۔انتظامیہ نے عوام کو یقین دلایا ہے کہ ضلع میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ سیکورٹی فورسز کی جانب سے تلاشی کارروائیاں اس وقت تک جاری رہیں گی جب تک صورتحال مکمل طور پر واضح نہیں ہو جاتی۔