راجوری//ضلع اسپتال راجوری کی طرف جانے والی سڑک پر ایک کلوٹ پچھلے پندرہ روز سے تیار ہورہا ہے لیکن گریف عملہ کی سست روی کے باعث کلوٹ کی تعمیر سست رفتاری کی شکارہے اور لوگ مختلف راستے اختیار کرنے کے بعد اسپتال پہنچ رہے ہیں ۔ گریف عملہ ایک لیئر سیمنٹ مذکورہ کلوٹ پر ڈالنے کے بعد غائب ہوچکا ہے، مسافروں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے لیکن گریف عملہ کاکوئی اتہ پتہ تک نہیں لگ رہا ہے ۔ مقامی لوگوں نے ضلع انتظامیہ کے خلاف برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ ایک کلوٹ کو بنوانے میں ناکام ہوچکی ہے جس کی وجہ سے عام مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ واضح رہے کہ کلوٹ پر جو سیمنٹ استعمال کی گئی ہے وہ بھی غیر معیاری ہے ان باتوں کا اظہار کشمیر عظمیٰ سے مقامی لوگوں نے کرتے ہوئے کہا کہ گریف عملہ لیت ولعل سے کام لے رہا ہے جنہیں عوام کی مشکلات کی کوئی پرواہ تک نہیں ہے ۔ مقامی لوگوں نے ضلع انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ وہ اس معاملے کا سختی سے نوٹس لیں تاکہ عوام کو راحت پہنچ پائے ۔