محتشم احتشام
پونچھ//سرحدی ضلع پونچھ میں رات گئے آتش بازی کے پے در پے واقعات نے شہریوں میں خوف و تشویش کی فضا پیدا کر دی ہے۔ مقامی آبادی کا کہنا ہے کہ بلند آواز دھماکوں سے نہ صرف رات کا سکون درہم برہم ہو رہا ہے بلکہ حالیہ حالات کے تناظر میں عوامی حساسیت بھی غیر معمولی حد تک بڑھ چکی ہے۔شہریوں نے بتایا کہ ضلع مجسٹریٹ کی جانب سے قبل ازیں آتش بازی پر عائد پابندی کے واضح احکامات جاری کئے گئے تھے، تاہم بعض عناصر ان احکامات کی کھلی خلاف ورزی کرتے ہوئے رات کی تاریکی میں پٹاخوں کا استعمال کر رہے ہیں۔ عوامی حلقوں کے مطابق یہ عمل قانون شکنی کے ساتھ ساتھ معاشرتی بے حسی کی عکاسی بھی کرتا ہے۔خصوصاً پونچھ شہر اور اس کے مضافاتی علاقوں میں رہنے والے افراد نے شکایت کی کہ اچانک دھماکوں کی آوازیں سن کر لوگ گھبراہٹ کا شکار ہو جاتے ہیں۔ سوشل میڈیا اور واٹس ایپ گروپس پر شہری ایک دوسرے سے صورتحال دریافت کرتے دکھائی دیے، اور بعض نے کسی ناخوشگوار واقعے کے اندیشے کا اظہار بھی کیا۔مقامی معززین کا کہنا ہے کہ حالیہ آپریشنل سرگرمیوں، بالخصوص آپریشن سندور کے بعد عوام پہلے ہی ذہنی دباؤ اور حساسیت کی کیفیت سے گزر رہی ہے۔ ایسے میں رات گئے آتش بازی نہ صرف بچوں، بزرگوں اور مریضوں کے لئے اذیت کا باعث بنتی ہے بلکہ مجموعی طور پر امن و امان کے ماحول کو بھی متاثر کرتی ہے۔سماجی کارکنوں اور شہری نمائندوں نے ضلعی انتظامیہ سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ پابندی کے احکامات پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف فوری اور مؤثر کارروائی کی جائے، تاکہ شہر میں امن، سکون اور اعتماد کی فضا بحال رہ سکے۔عوام کا کہنا ہے کہ قانون کی عملداری ہی وہ واحد راستہ ہے جس سے پونچھ جیسے حساس سرحدی ضلع میں عوامی تحفظ اور اجتماعی اطمینان کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔