ذوالفقار نے سیاحتی پروجیکٹوں کی پیشرفت کا جائزہ لیا
جموں//خوراک ،شہری رسدات و امور صارفین و قبائلی امور کے وزیر چودھری ذوالفقار علی نے ایک میٹنگ کے دوران راجوری ضلع میں ہاتھ میں لئے گئے اہم سیاحتی پروجیکٹوں کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔کمشنر سیکرٹری سیاحت سرمد حفیظ ، ڈی سی راجوری ڈاکٹر شاہد اقبال چودھری کے علاوہ دیگر متعلقہ محکموں کے اعلیٰ افسران بھی میٹنگ میں موجود تھے۔میٹنگ کے دوران ضلع میں مرکزی اور ریاستی سیکٹر کے تحت محکمہ سیاحت کی طرف سے ہاتھ میں لئے گئے منصوبوں ، پروجیکٹوں اور سرگرمیوں پر تفصیل سے تبادلہ کیا گیا۔وزیر نے خطے میں سیاحت سے جڑے پروجیکٹوں کی عمل آوری میں تیزی لانے کے لئے ایک فعال لائحہ عمل اختیار کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے کہاکہ خطے میں تواریخی اور ثقافتی ورثے کو بحال کرنے کے لئے خاطر خواہ اقدامات کئے جانے چاہیئے تاکہ علاقے میں سیاحتی سرگرمیوں کو دوام حاصل ہوسکیں۔وزیر نے محکمہ سیاحت کو ہدایت دی کہ وہ خطے میں سیاحتی بنیادی ڈھانچے کو بڑھاوا دینے کے لئے رقومات واگذار کریں تاکہ کاموں کی بروقت تکمیل ممکن ہوسکے۔انہوںنے کہا کہ پیر پنچال خطہ بے مثال خوبصورتی سے مالا مال ہے ۔ تاہم ایسے مقامات کو سیاحتی نقشے پرلانے کی ضرورت ہے جنہیں ابھی تک سیاحتی نقشے سے باہر رکھا گیا ہے۔