سمت بھارگو
راجوری// پیر پنجال خطے کے عوام، بالخصوص سرحدی اضلاع راجوری اور پونچھ کے باشندوں کے لئے ایک اہم پیش رفت کے تحت وائٹ نائٹ کور کی ایس آف اسپیڈ ڈویژن نے سب ڈسٹرکٹ ہسپتال نوشہرہ اور گورنمنٹ میڈیکل کالج راجوری کے اشتراک سے آن لائن طبی مشاورت (Telemedicine) سروس شروع کر دی ہے۔ یہ اقدام دور دراز اور پہاڑی علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو صحت کی بنیادی اور خصوصی سہولیات کی فراہمی کے مقصد سے اٹھایا گیا ہے۔افسران نے بتایا کہ اب سرحدی اور دشوار گزار مقامات پر رہنے والے باشندے بغیر کسی طویل اور مہنگے سفر کے، جی ایم سی راجوری کے ماہر ڈاکٹروں سے براہ راست طبی مشورہ حاصل کر سکیں گے۔ اس سے نہ صرف وقت اور پیسوں کی بچت ہوگی بلکہ فوری تشخیص اور بروقت علاج بھی ممکن ہو سکے گا۔ٹیلی میڈیسن سروس کے افتتاحی پروگرام کی صدارت ایس آف اسپیڈ ڈویژن کے جنرل آفیسر کمانڈنگ (GOC) میجر جنرل کوشک مکھرجی نے کی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر راجوری، ابھیشیک شرما، پرنسپل جی ایم سی راجوری پروفیسر (ڈاکٹر) اے ایس بھاٹیہ، کرنل میڈ اشوک کمار، چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر منوہر رینہ اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر شمیم احمد بھی موجود تھے۔افسران کے مطابق یہ آن لائن سہولت صحت کے اہم خلا کو پْر کرے گی، بیماریوں کے بوجھ میں کمی لائے گی اور لائن آف کنٹرول کے قریب رہنے والے لوگوں کے لئے صحت کے اخراجات میں نمایاں کمی کرے گی۔ اس سروس کے ذریعے بھارتی فوج کے طبی ماہرین اور سول ڈاکٹروں کے ساتھ براہ راست مشاورت دستیاب ہوگی، جس سے تشخیص، علاج اور صحت کے مجموعی نتائج بہتر ہوں گے۔موقع پر خطاب کرتے ہوئے میجر جنرل کوشک مکھرجی نے کہا کہ ’غریب اور پسماندہ طبقے کی خدمت کیلئے طب سے بڑھ کر کوئی خدمت نہیں‘۔ انہوں نے تمام اسٹیک ہولڈرز پر زور دیا کہ وہ محنت اور لگن کے ساتھ خصوصی طبی سہولیات کو دور دراز علاقوں تک پہنچانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔پرنسپل جی ایم سی راجوری نے یقین دہانی کرائی کہ اس خطے کے عوام کو ہر قسم کی خصوصی ٹیلی کنسلٹیشن فراہم کی جائے گی۔ سول و فوجی طبی اداروں کے اس اشتراک کو صحت کے ڈھانچے کو مضبوط بنانے کی ایک مضبوط مثال قرار دیا گیا۔مزید بتایا گیا کہ فوج بنیادی اور خصوصی دونوں طرح کے طبی معائنوں میں مدد فراہم کرے گی۔ یہ اقدام قومی منصوبے کے تحت ملک گیر سطح پر صحت کی سہولیات کو یکساں طور پر عوام تک پہنچانے کے مقصد سے مطابقت رکھتا ہے۔وائبرنٹ ولیج پروگرام اور دیہی کنیکٹیویٹی کی طرز پر یہ سروس ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال کے ذریعے سرحدی اور پہاڑی علاقوں میں صحت کی فراہمی کا نیا معیار قائم کرے گی۔