جموں//سابق وزیر سکھ نندن چودھری نے جمعہ کو راج بھون میں لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے ملاقات کی۔سکھ نندن چودھری نے لیفٹیننٹ گورنر کو کاشتکاری کمیونٹی کے مختلف امور سے متعلق جانکاری دی اور ان سے آبپاشی نہروں ، کھاد کی فراہمی اور دیہی علاقوں میں بجلی کی فراہمی کو بڑھانے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔دریں اثنا ٔ منتخب نمائندوں کے وفد کی سربراہی سابق قانون ساز دیویندر سنگھ رانا جس میں ڈی ڈی سی اور بی ڈی سی ممبران شامل ہیں نے لیفٹیننٹ گورنر سے بھی ملاقات کی اور سرنسر جیسے مقامات کی سیاحی صلاحیتوں سے استفادہ کرنے اور کول۔کنڈولی سے بگ جگدمباکے ذریعہ شری ماتا ویشنو دیوی جی کے پرانے ٹریک کی ترقی ،ہیرٹیج ٹریکنگ روٹ میں، اتربنی ۔ پورمنڈل۔ کٹرا اور جیا پوٹا۔ شیو کھوری ۔کٹرا پلگرم ٹورسٹ سرکٹ سے متعلق عوامی اہمیت کے مختلف امور گوش گزار کئے ۔اُنہوں نے آئی این ٹی اے سی ایچ کے ذریعے قدیم مندروں ،شرائین ، اور بوولس کی ترقی کے معاملے کی طرف بھی لیفٹیننٹ گورنر کی توجہ مبذول کروائی۔دیویندر رانا نے جی ڈی سی نگروٹہ کیلئے اراضی کی منظوری پر اظہار تشکر کیا اور انہوں نے لیفٹیننٹ گورنر کو یوٹی میں ان کی قیادت میں بے مثال کاموں کیلئے سراہا۔لیفٹیننٹ گورنر نے وفد کے ممبروں سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا کہ یوٹی حکومت جموں و کشمیر کے تمام خطوں کی یکساں ترقی کیلئے پُرعزم ہے۔ انہوں نے وفد کے ممبران کو یقین دِلایا کہ ان کی تمام جائز تجاویز کو ترجیحی بنیادپر ترقیاتی عمل میں شامل کرنے پر غور کیا جائے گا۔