عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//نیشنل کانفرنس کے صدرڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کل کہا کہ لوگوں کو اْن عناصر اور دہلی میڈ پارٹیوں کی اصلیت سے بھی آگاہ کرانا ہے، جنہوں نے جموںو کشمیر کی خودمختاری، دفعہ370اور35اے کو اپنے حقیر مفادات کیلئے نیلام کردیا۔سرینگر میں پارٹی مجلس عاملہ کے یک روزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے فاروق عبداللہ نے ممبران پر زور دیا کہ وہ لوگوں کے ساتھ زمینی سطح پر تال میل رکھیں اور پارٹی کی مضبوطی کیلئے کام کریں۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی نے ماضی میں بھی بہت سارے چیلنجوں کا سامنا کیا اور ہمیشہ سروخ رو ہوکر اْبھری ہے لیکن اس کے لئے عوامی حمایت لازمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس کی عوامی حکومت نے گذشتہ ڈیڑھ سال کے دوران جو تعمیرو ترقی کے کام انجام دیئے اور جو عوام مفاد فیصلے کئے گئے اْن کا اْجاگر کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ لوگوں کو اْن عناصر اور دہلی میڈ پارٹیوں کی اصلیت سے بھی آگاہ کرانا ہے، جنہوں نے جموںو کشمیر کی خودمختاری، دفعہ370اور35اے کو اپنے حقیر مفادات کیلئے نیلام کردیا۔ انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر کی شناخت، انفرادیت، پہچان اور کشمیریت کو زندہ رکھنے کیلئے نیشنل کانفرنس کا مضبوط سے مضبوط تر ہونا لازمی ہے۔ فاروق عبداللہ نے پارٹی کے ممبرانِ اسمبلی کو ہدایت دی کہ وہ ہر وقت اپنے اپنے علاقوں میں حاضر رہے اور لوگوں کیلئے دستیاب رہیں۔ انہوں نے پارٹی سے وابستہ افراد پر زور دیا کہ وہ آنے والے پنچایتی اور بلدیاتی انتخابات کیلئے آج سے ہی کمربستہ رہیں۔ اجلاس میں پارٹی جنرل سکریٹری حاجی علی محمد ساگر، معاون جنرل سکریٹری چودھری محمد رمضان، وزیرا علیٰ کے مشیر ناصر اسلم وانی، صوبائی صدر ایڈوکیٹ شوکت احمد میر اور ورکنگ کمیٹی کے جملہ ممبران موجود تھے۔ اجلاس کا انعقاد ضلع صدر سرینگر پیر آفاق احمد نے کیا تھا۔ اجلاس میں موجودہ سیاسی اور انتظامی صورتحال، لوگوں کو درپیش مسائل ومشکلات ، پارٹی سرگرمیوں اور تنظیمی امورات اور پنچایتی و بلدیاتی انتخابات پر تبادلہ خیالات کیا گیا۔