عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی// دہلی میں موسم ایک بار پھر کروٹ لینے والا ہے۔ فی الحال دہلی این سی آر کے علاقوں میں زیادہ کوہرا نظر نہیں آ رہا، تاہم کم سے کم درجۂ حرارت کے 6 سے 7 ڈگری سیلسیس تک گرنے کا امکان ہے، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 21 سے 23 ڈگری سیلسیس تک جا سکتا ہے۔ ایسے میں سردی کا احساس مزید بڑھ سکتا ہے۔ اندازہ ہے کہ نئے سال تک دہلی میں زیادہ کہرا نہیں پڑے گا، لیکن مشرقی اتر پردیش یعنی پوروانچل میں گھنے کہرے کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔ اتر پردیش میں کانپور، میرٹھ، بارہ بنکی، بہرائچ، پریاگ راج، سلطان پور، فتح گڑھ، گورکھپور، اعظم گڑھ، باندا، بستی، بلیا، ہردوئی، ایودھیا، شراوستی، وارانسی اور شاہجہاں پور میں گھنے کہرے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔شمالی ہندوستان میں شدید سردی کے ساتھ گھنا کہرا معمولاتِ زندگی کو بری طرح متاثر کر رہا ہے۔ گزشتہ کئی دنوں سے علی الصباح چھائے کہرے کے سبب حدِ نگاہ انتہائی کم ہو گئی ہے، جس کا براہِ راست اثر ریل اور سڑک، دونوں طرح کی آمدورفت پر پڑ رہا ہے۔ خاص طور پر ریل خدمات شدید متاثر ہیں اور راجدھانی ایکسپریس جیسی تیز رفتار ٹرینیں بھی مقررہ رفتار برقرار نہیں رکھ پا رہیں۔پنڈت دین دیال اپادھیائے جنکشن (سابقہ مغل سرائے جنکشن) سے گزرنے والی متعدد ٹرینیں کئی کئی گھنٹوں کی تاخیر سے چل رہی ہیں۔ نئی دہلی۔ہاوڑہ راجدھانی ایکسپریس دس گھنٹے، نئی دہلی۔سیالدہ راجدھانی گیارہ گھنٹے جبکہ دربھنگہ اسپیشل پچیس گھنٹے تاخیر سے گزر رہی ہے۔ اس کے علاوہ بھی متعدد طویل فاصلے کی ٹرینیں شدید تاخیر کا شکار ہیں، جس کے باعث مسافروں کو کڑاکے کی سردی میں پلیٹ فارم پر طویل انتظار کرنا پڑ رہا ہے۔ریلوے حکام کے مطابق کہرے کے باعث حدِ نگاہ کم ہونے پر حفاظتی نقطۂ نظر سے ٹرینوں کی رفتار محدود کر دی گئی ہے۔ اسی وجہ سے تاخیر میں اضافہ ہو رہا ہے اور یہ صورتحال کہرا چھٹنے تک برقرار رہ سکتی ہے۔ مسافروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ سفر شروع کرنے سے پہلے اپنی ٹرین کی تازہ صورتحال ضرور معلوم کر لیں تاکہ غیر ضروری پریشانی سے بچا جا سکے۔ دہلی۔ہاوڑہ، دہلی۔سیالدہ، دہلی۔کاماکھیا اور آنند وہار سے مشرقی ہندوستان جانے والے روٹس سب سے زیادہ متاثر ہیں۔ کئی سپر فاسٹ اور دورنتو ٹرینیں بھی اپنی مقررہ رفتار حاصل نہیں کر پا رہیں۔ بعض ٹرینوں کو منسوخ بھی کیا گیا ہے، جن میں نئی دہلی۔مالدہ ٹاؤن ایکسپریس شامل ہے۔ہندوستانی ریلوے نے مسافروں سے اپیل کی ہے کہ وہ ریئل ٹائم معلومات کے لیے این ٹی ای ایس ایپ یا ریلوے کی سرکاری ویب سائٹ سے رجوع کریں۔ حکام کا کہنا ہے کہ حفاظت اولین ترجیح ہے اور حدِ نگاہ بہتر ہوتے ہی خدمات کو معمول پر لانے کی کوشش کی جائے گی۔ سرد موسم اور کہرے کے اس دور میں احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی بھی ہدایت دی گئی ہے۔