نئی دہلی// کانگریس نے کہا ہے دہلی میں کورونا مریضوں کی تعداد مسلسل بڑھنے سے کورونا مریضوں کے لئے ہسپتال کم پڑ رہے ہیں اور دہلی حکومت کورونا کی اس جنگ میں ناکام ثابت ہو رہی ہے جس سے آنے والے وقت میں بحران اور گہرا جائے گا۔ کانگریس کے ترجمان اجے ماکن نے اتوار کو یہاں خصوصی پریس کانفرنس میں کہا کہ دہلی میں کورونا کس طرح سے پیرپھیلا رہا ہے ، اس کا اندازہ اسی سے لگایا جا سکتا ہے کہ ملک میں کورونا کے مثبت مریضوں کی شرح دہلی میں سب سے زیادہ ہے اور اس وبا سے ٹھیک ہونے والوں کی شرح سب سے کم ہے ۔ دہلی حکومت نے اس وبا سے لڑنے کی کوئی تیاری نہیں کی ہے ، اس کی پول دہلی کے ہسپتالوں کی صورتحال نے کھول دی ہے ۔انہوں نے کہا کہ دہلی میں کورونا مریضوں کی تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے اور ڈاکٹر مہیش شرما کمیٹی کا اندازہ ہے کہ 15جولائی تک قومی دارالحکومت میں ایک لاکھ 90ہزار لوگ کورونا مثبت ہوں گے جن کے علاج کے لئے بڑی تعداد میں لوگوں کو ہسپتال میں داخل کرنا پڑ سکتا ہے ۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس رفتار سے بڑھ رہے کورونا کے معاملات کو دیکھتے ہوئے 15 جولائی تک دہلی میں 42000بستر کورونا مریضوں کے لئے ضروری ہے۔