عاصف بٹ
کشتواڑ//جمعرات کی شام 8بجے کے قریب ضلع صدر مقام سے ساٹھ کلومیٹر دور تحصیل دچھن کے تھچنہ گائوں میں آگ کی ہولناک واردات میں کئی مکانات کو نقصان پہنچا ۔آگ اُس وقت ایک رہایشی مکان سے نمودار ہوئی جب وہاں رسوئی گیس خارج ہونے لگا جس نے اس مکان کو چند ہی منٹوں میں اپنی لپیٹ میں لیااور دیکھتے ہی دیکھتے قریبی مکانات کی طرف پھیلنے لگی۔ آگ اس قدر ہولناک تھی کہ چند منٹوں میں اس نے کئی مکانات کو لپیٹ میں لیا ۔علاقہ گنجان ہونے کے سبب آگ جلد پھیلنے لگی ۔فوج، مقامی پولیس و لوگوں نے فوری طور بچاو کاروائی کا عمل شروع کیا لیکن تب تک آگ نے چار کے قریب دو منزلہ مکانات کو مکمل طور تباہ کیا تھا ۔ آگ سے چار مکانات مکمل طور تباہ ہوئے جبکہ ایک گائوخانہ، ایک دوکان و کرایہ پر چل رہاآنگن واڑی سینٹر بھی اس کی نذرہوگیا جبکہ چار کے قریب رہایشی مکانات کو بھی جزوی طور نقصان پہنچا ۔ حکام نے بتایا کہ 17کے قریب خاندان متاثر ہوئے ہیں جو ان مکانات میں رہایش پذیر تھےاور انکا سب کچھ اس میں اجڑگیا۔ اس دوران بچائو کاروائی میں دو افراد کوچوٹیں آئی جنھیں پی ایچ سی سوید منتقل کیا گیا۔ یہ علاقہ سڑک رابطے سے بھی محروم ہےاور چند روز قبل ہی علاقے کو سڑک رابطے سے جوڑا گیاتھا ۔انتظامیہ نے فوری طور ریڈکراس سے متاثرین میں امداد فراہم کی ۔
عمر عبداللہ ،جتندر سنگھ ، سجاد کچلو ،سنیل شرما،شگن پریہارکا اظہار دکھ
عاصف بٹ
کشتواڑ//جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبد اللہ نے کشتواڑ آتشزدگی واقعے پر گہرے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ضلع انتظامیہ کو تمام متاثرین کو فوری امداد بہم پہنچانے کی ہدایت دی ہے۔وزیر اعلیٰ کے دفتر کے ایکس ہینڈل پر ایک پوسٹ میں کہا گیا کہ وزیر اعلیٰ نے کشتواڑ میں آتشزدگی کے واقعے پر گہرے تشویش کا اظہار کیا جس میں کئی ڈھانچے جل گئے ہیں، اور جس سے کئی خاندان متاثر ہوئے ہیں۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ سے فوری امداد کو یقینی بنانے، نقصانات کا تخمینہ لگانے اور متاثرہ خاندانوں کو تمام ضروری امداد فراہم کرنے کی ہدایت دی۔وہی وزیر مملکت پی ایم او ڈاکٹر جتندر سنگھ نے بھی اس واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ۔انھوں نے ڈی سی کشتواڑ کو فوری طور متاثرین میں معاوضہ فراہم کرنے کو کہا ۔قائد حزب اختلاف سنیل شرما نے بتایا کہ عام شہری، پولیس اہلکار اور فوج نے آگ پر قابو پانے میں کڑے محنت کی ۔انھوں نے سرکار سے فوری طور معاوضہ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ۔راجیہ سبھا ممبر سجاد کچلو نے واقعہ پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ انہوں نے متاثرہ خاندانوں کو یقین دلایا کہ ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی۔ایم ایل اے کشتواڑ شگن پریہار نے بھی واقعہ پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حقیقی عوامی مسائل کو حل کرنے کی کوششیں جاری ہیں جس میں علاقے میں فایر سٹیشن کا قیام بھی شامل ہے۔