ایڈیلیڈ//تیز گیند باز مچل اسٹارک (37 رن پر 4 وکٹ) اور آف اسپنر ناتھن لیون (58 رن پر تین وکٹ) کی خطرناک گیندبازی سے آسٹریلیا نے انگلینڈ کو دوسرے ڈے نائٹ ایشز ٹیسٹ کے تیسرے دن ہفتہ کوپہلی اننگ میں 236 رن پرسمیٹ دیا۔ اس طرح آسٹریلیا کو پہلی اننگ میں 237 رنز کی بھاری برتری حاصل ہوئی لیکن اس نے فالو آن نہ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے دوسری اننگ کھیلنے کا فیصلہ کیا اور اسٹمپس تک 17 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 45 رنز بنا لیے ۔ وارنر 38 گیندوں میں 13 رنز بنانے کے بعد رن آؤٹ ہوئے ۔ آسٹریلیا کو اب مجموعی طور پر 282 رنز کی برتری حاصل ہے اور اس نے میچ پر مکمل کنٹرول کر لیا ہے ۔ اسٹمپس کے وقت مارکس ہیرس 59 گیندوں میں تین چوکوں کی مدد سے 21 اور نائٹ واچ مین مائیکل نیسر چھ گیندوں پر دو رنز بنانے کے بعد کریز پر موجود تھے ۔ اس سے قبل انگلینڈ نے کل کے دو وکٹوں پر 17 رنز سے آگے کھیلنا شروع کیا۔ ڈیوڈ ملان نے ایک اور کپتان جو روٹ نے پانچ رن سے اپنی اننگ کو آگے بڑھایا۔ دونوں اسکور کو 150 تک لے گئے ۔ روٹ 116 گیندوں پر سات چوکوں کی مدد سے 62 رنز بنانے کے بعد کیمرون گرین کا شکار بنے ۔ اس شراکت کے ٹوٹتے ہی انگلینڈ نے اپنے آخری آٹھ وکٹ 86 رنز جوڑکر گنوادئے ۔ ملان کو اسٹارک کی گیند پر اسمتھ نے لپکا۔ ملان نے 157 گیندوں میں 10 چوکوں کی مدد سے 80 رنز بنائے ۔ بین اسٹولز نے 98 گیندوں میں تین چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 34 اور کرس ووکس نے 40 گیندوں میں پانچ چوکوں کی مدد سے 24 رنز بنائے ۔ لیون نے انگلینڈ کے نچلے مڈل آرڈرکونمٹایا جبکہ اسٹارک نے اسٹورٹ براڈ کو آخری بلے باز کے طورپر آوٹ کرکے انگلینڈ کی اننگ سمیٹ دی۔آسٹریلیا کی جانب سے اسٹارک نے 37 رنز کے عوض چار، لیون نے 58 رن پرتین ، گرین نے 24 رن پردو اور مائیکل نیسر نے 33 رنز کے عوض ایک وکٹ حاصل کیا۔ یواین آئی