جنیوا / دنیا میں جان لیوا کورونا وائرس ( کوڈ-19) رکنے کا نام نہیں لے رہا ہے اور اب تک دنیا بھر میں 4.71 لاکھ`سے زیادہ افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد 90.74 لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے ۔جان ہاپکنز یونیورسٹی کے سینٹر برائے سائنس اینڈ انجینئرنگ (سی ایس ایس ای) کے جاری کردہ تازہ ترین اعداد و شمارکے مطابق کورونا وائرس نے دنیا بھر میں9074624افراد کو متاثر کیا ہے اور 471640افراد ہلاک ہوئے ہیں ۔کورونا کیسز کے معاملہ میں امریکہ دنیا بھر میں پہلے ، برازیل دوسرے اور روس تیسرے نمبر پر ہے ۔ دوسری جانب اس وبا کی وجہ سے ہلاک شدگان کے اعداد و شمار کے لحاظ سے امریکہ پہلے ، برازیل دوسرے اور برطانیہ تیسرے نمبر پر ہے ۔دنیا میں سپر پاور مانے جانے والے امریکہ میں اب تک2310786افراد متاثر ہوئے ہیں اور 120393افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ برازیل میں اب تک1106470افراد اس وائرس کا شکار ہوچکے ہیں جبکہ51271افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں ۔روس میں بھی کووڈ 19 کا وائرس پھیلتا جارہا ہے ،اس ملک میں اب تک591465افراد متاثر ہوئے ہیں اور روس میں اس وبا سے اب تک 8191افر اد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔اس وبا کی وجہ سے برطانیہ میں صورتحال مزید خراب ہوتی جارہی ہے ۔یہاں اب تک 306761افراد اس وبا سے متاثر ہوچکے ہیں اور42731افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔
مصرمیں1576نئے کیسوں کی تصدیق
قاہرہ// مصر میں کورونا وائرس (کووڈ ۔19) کے 1576 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد اس وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ کر56809 ہوگئی ہے ۔وزارت صحت کے ترجمان خالد مجاہد نے یہ اطلاع دی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس وبا کی وجہ سے ملک میں مزید 85 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی اس جان لیوا وائرس سے ہلاک شدگان کی تعداد بڑھ کر 2278 ہوگئی ہے ۔ ایک ہی وقت میں 397 مریض مکمل طور پر اس وبا سے شفایاب ہوئے ہیں۔مصر میں اب کورونا سے صحت یاب ہونے والے افراد کی تعداد 15،133 ہوگئی ہے ۔