پہاڑوں پرسردیوں کے آپریشنز،تعمیراتی پروجیکٹس اور امن و قانون پر تبادلہ خیال ہوگا
جموں// مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ آج نئی دہلی میں جموں و کشمیر پر ایک اعلیٰ سطحی سیکورٹی جائزہ میٹنگ کی صدارت کریں گے۔ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا، پولیس کے سینئر افسران، سول انتظامیہ، سی اے پی ایف، انٹیلی جنس ایجنسیاں، اور وزارت داخلہ کے اعلیٰ افسران میٹنگ میں شرکت کریں گے۔یہ اجلاس 2026میں مرکز کے زیر انتظام علاقے کے حوالے سے پہلی اعلیٰ سطحی سیکورٹی جائزہ میٹنگ ہوگی۔ یہ میٹنگ جموں و کشمیر پولیس اور سیکورٹی فورسز کی طرف سے جموں خطے کے پہاڑوں اور دور دراز علاقوں میں غیر ملکی سمیت ملی ٹینٹوں کیخلاف شروع کی گئی جارحانہ کارروائیوں کے بعد بلائی گئی ہے۔
حکام نے بتایا کہ جموں و کشمیر کے دشوار گزار، ناقابل رسائی علاقوں میں چھپے ہوئے ملی ٹینٹوں کو ختم کرنے کے لئے مربوط حکمت عملی اور لائن آف کنٹرول (ایل او سی)اور بین الاقوامی سرحد (آئی بی) پر صفر دراندازی کو یقینی بنانے کے لئے وزیر داخلہ کی میٹنگ کے دوران سیکورٹی سے متعلق دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ ایل جی منوج سنہا اور اعلیٰ پولیس اور سول افسران بشمول چیف سکریٹری اٹل ڈلو، ہوم سکریٹری چندرکر بھارتی، ڈائرکٹر جنرل آف پولیس نلین پربھات اور انٹیلی جنس چیف نتیش کمار، دیگر کے علاوہ میٹنگ میں شرکت کریں گے۔مرکزی داخلہ سکریٹری گووند موہن اور تمام سی اے پی ایف اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کے سربراہ بھی جائزہ میٹنگ میں شرکت کریں گے۔توقع ہے کہ سینئرافسران وزیر داخلہ کو صورتحال کے مختلف پہلوئوں کے بارے میں بریفنگ دیں گے، جن میں ایل او سی اور آئی بی پر صفر دراندازی کو یقینی بنانے اور جموں و کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں چھپے ملی ٹینٹوں کو ختم کرنے کے لیے سردیوں کے دوران اٹھائے گئے اقدامات شامل ہیں۔پچھلے کچھ مہینوں کے دوران، سیکورٹی فورسز نے کشتواڑ، ڈوڈہ، ادھم پور اور خطے کے دیگر اضلاع کے بالائی علاقوں میں کئی انکائونٹر میں ملی ٹینٹوں کو مارا ہے۔ اس عرصے کے دوران ایل او سی اور آئی بی پرملی ٹینٹوں کی دراندازی کی کوششوں کو ناکام بنایا گیا ہے۔انٹیلی جنس رپورٹس بتاتی ہیں کہ ملی ٹینٹ ایل او سی اور آئی بی دونوں پار دراندازی کا انتظار کر رہے ہیں۔