نئی دہلی// اسٹینڈنگ کمیٹی برائے دفاع سے متعلق پارلیمنٹ کمیٹی نے مشرقی لداخ میں چین کے ساتھ فوجی تعطل کے درمیان لائن آف ایکچول کنٹرول (ایل اے سی) پروادیٔ گلوان اورپینگانگ جھیل سمیت متنازع سبھی چار پانچ پوائنٹس کا دورہ کرنے کی درخواست پیش کی ہے ۔قائمہ کمیٹی برائے دفاع کے چیئرمین جویل اوراؤں نے یہاں پارلیمنٹ ہاؤس کمپلیکس میں صحافیوں کو یہ اطلاع دی۔ انہوں نے کہا کہ 9 فروری کو دفاع سے متعلق قائمہ کمیٹی کی میٹنگ میں کچھ ممبروں نے تجویز پیش کی کہ کمیٹی لداخ میں ایل اے سی کا دورہ کرے ۔ تمام ممبران نے اس پر اتفاق کا اظہارکیاتھا۔اوراؤں نے کہا کہ اس سلسلے میں اسپیکر کو ایک تجویز بھیجی گئی ہے اور وزارت دفاع کی منظوری کے بعد یہ کمیٹی 15 مئی کے بعد وہاں جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کمیٹی کے ممبران وادیٔ گلوان ، دیپسانگ ، پینگانگ لیک ، وادی لُبرا وغیرہ کے چار پانچ پوائنٹس کا دورہ کریں گے جہاں ہماری فوج اور چینی فوج آمنے سامنے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اپنے اس دورے کے دوران کمیٹی ایل اے سی پر فوج کی تیاری ، انفراسٹرکچر کی پوزیشن اور سرحدی تحفظ سے متعلق تمام امور کا قریب سے جائزہ لے گی اور ایک رپورٹ تیار کرے گی۔