ڈوڈہ //پریم نگر ،ڈوڈہ میں دریائے چناب پر تعمیر کیا ہوا لکڑی کا فٹ برج سرکار کی توجہ کا طلب گار ہے۔مکینوں کی شکایت ہے کہ پریم نگر میں دریائے چناب پر لکڑی کا خستہ حال فٹ برج ہزاروں لوگوں کی زندگیوں کے لئے خطرہ بنا ہوا ہے۔ ڈی آر وائی ڈبلیو اے کے صدر فرید احمد نائیک کے مطابق یہ فٹ برج 1966 میں تعمیر کیا گیا ہے لیکن اس کالکڑی کا فرش کافی عرصہ سے بدلا نہیں گیا ہے،ُپل کئی زلزلوں سے خراب ہوگیا ہے ا ور اسکی فوری مرمت کی ضرورت ہے ۔ اس پل پر چلنے والا کوئی بھی شخض یہ دیکھ سکتا ہے کہ اس پل کے بیشتر معاون شہتیر تباہ ہوئے ہیں،جن کی فوری مرمت کی ضرورت ہے لیکن سرکار اسکی جانب آنکھ موندھ رہی ہے۔مقامی باشندے راکیش کمار نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ یہ پل موضع دھارا، جٹھیلی، ڈونگرو، گوندنا،ملوانہ، پیرنوٹ، موحلہ ،گلوانہ وغیرہ کاقومی شاہراہ کے لئے واحد رابطہ ہے اور اگر یہ پل گر گیا تو اس سے ہزروں لوگوں کی آبادی کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑیگا۔مقامی لوگوں کے مطابق علاقہ کی شہہ رگ کا لکڑی کا پل تباہی کے دہانے پر کھڑا ہے۔مکینوں کی یہ بھی شکایت ہے کہ اس پل کی طرف کوڑا کر کٹ اور بد رو پانی پل کی تباہی کا ایک اہم وجہ بن گیا ہے، جس پر کبھی بھی کوئی نا خوشگوار واقعہ ہو سکتا ہے۔ DRYWAنے متعدد بار اس پل کی صفائی کی ہے لیکن حالت جوں کی توں ہے۔مقامی لوگوں نے اس پل کو فوری طور بدلنے یا اسکے لکڑی کے فرش کو بدلنے کا مطالبہ کیا ہے،تاکہ کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آئے۔