درگمولہ اور حاجن میں شدید ٹھنڈ کے باوجود چنائوی گہماگہمی|| ووٹنگ کی شرح 43فیصد رہی ڈی ڈی سی کی 2نشستوں پر دوبارہ پولنگ کا مرحلہ ختم

اشرف چراغ+عازم جان

کپوارہ+بانڈی پورہ//شمالی کشمیر کے درگمولہ کپوارہ اور حاجن اے بانڈی پورہ میں ڈی ڈی سی کی 2نشستوں پر دوبارہ ووٹنگ کا عمل پر امن طور اختتام پذیر ہوا۔ دونوں حلقوں میں تقریباً43 فیصد ووٹنگ ریکارڈ کی گئی ۔ضلع بانڈی پورہ کے حاجن۔ اے حلقے میں 53.33 رائے رہندگان کی شرح رہی جبکہ درگمولہ حلقہ میں 32.73فیصد رائے دہندگی درج کی گئی۔

 

ڈی ڈی سی درگمولہ کے لئے 42 پولنگ سٹیشن بنائے گئے تھے جن کی شرح 32.73 تھی۔ کل 1,60,26 رائے دہندگان کے مقابلے میں 1,07,24 ووٹ ڈالے گئے جس میں 5,624 مرد اور 5,100 خواتین نے اَپنا حق رائے دہی اِستعمال کیا۔ جی ایم ایس جگتی ، جی جی ایچ ایس پتہ بوہری اور جی ایم ایس ماڈل ہائیر سکینڈری سکول اودھمپور میں قائم کشمیری مائیگرنٹ کے لئے خصوصی پولنگ سٹیشنوں پر بھی 141 مائیگرنٹ ووٹ ڈالے گئے۔اِسی طرح حاجن ۔اے میں 57 پولنگ سٹیشنوں میں 53.33 فیصد ووٹنگ ریکارڈ کی گئی ۔ کل 16,313 میں سے 8,669 ووٹروں نے ووٹ کااستعمال کیا ۔ 8,565 میں سے 4,717 مرد اور 7,748 میں سے 3,982 خواتین نے ووٹ کاسٹ کیا ۔ووٹنگ صبح 7بجے شروع ہوئی اور دوپہر 2بجے ختم ہوئی ۔ دوپہر کے بعد پُر امن طریقے سے گزار جس میں ہر عمر کے لوگوں نے شرکت کی ۔ کشمیر ی مائیگرنٹ نے بھی جموںکے مختلف مقامات پر ان کے لئے بنائے گئے خصوصی پولنگ سٹیشنوں میں اَپنا ووٹ ڈالا ۔ادھرپولنگ کے دوران شدید ٹھنڈ کے بیچ ایک 105 سالہ خاتون نے حلقہ کے حاقبارہ حاجن علاقے میں ووٹ ڈالا۔ عزی بیگم نے ووٹ ڈالنے کے بعد بتایا کہ انہوں نے اپنے علاقے کے فائدے کیلئے ووٹ ڈالا۔