سرینگر/عظمیٰ نیوز سروس/ مفتی اعظم جموں و کشمیر مفتی ناصر الاسلام نے آثار شریف درگاہ حضرتبل میں پیش آئے واقع کو انتہائی افسوسناک قرار دیا ۔اپنے ایک بیان میں مفتی اعظم نے کہا کہ درگاہ حضرتبل سے مسلمانان جموں و کشمیر کی مذہبی و جذباتی وابستگی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وقف کے منتظمین اور موجودہ علما وائمہ حضرات آثار شریف درگاہ حضر تبل نے مسلمانوں کی جذباتی وابستگی سے مکمل طور واقف ہونے کے با جود فتنہ وفساد سے بچنے کی تدابیر اختیار نہیں کیں جبکہ وہ جانتے تھے کہ اشوک چکر والی تختی نصب کئے جانے کے بعد نتائج کس قدر خطرناک ہونگے ۔انہوں نے مزید کہا’’ دراصل کل کی حرکت اشوک چکرکی توہین نہیں بلکہ یہ ان لوگوں کے خلاف ایک احتجاج تھا جنہوں نے اس تختی کو نصب کرتے وقت اس سے برآمد ہونے والے نتائج کو نظر انداز کیا‘‘۔مفتی اعظم کے مطابق اس بات پر بھی افسوس ہے کہ لوگوں پر دہشت گردی کا الزام لگایا جا رہا ہے اور قومی میڈیا یکطرفہ طور لوگوں کو بد نام کرنے میں مصروف ہے۔ حالانکہ ہم وہی لوگ ہیں جنہوں نے پہلگام کے سانحہ پر اپنا ردعمل ظاہر کیا اور سوگوار خاندانوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا۔