جموں //جنتا دل یوناٹینڈ کے ریاستی صدر جی ایم شاہین نے ریاستی انتظامیہ سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریاست کے تینوں خطوں میں حالیہ برفباری سے متاثر ہو ئے مسافروں کو سہولیات فراہم کی جائیں ۔پارٹی ہیڈ کوارٹر جموں میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حالیہ دو دنوں سے ریاست کے مختلف علا قوں میں ہوئی برفباری کی وجہ سے مسافروں کی ایک بڑی تعداد درماندہ ہو کر رہ گئی ۔انہوں نے کہاکہ ان درماندہ مسافروں کو اپنی گھروں تک پہنچانے کیلئے ہوائی سروس کو استعمال میں لایاجائے ۔موصوف نے کہاکہ اس سلسلہ میں کشمیر و دیگر علا قوں کے مسافروں کی ایک بڑی تعداد جموں بس اسٹینڈ پر درماندہ ہوئی ہے جبکہ گورنر انتظامیہ کو چاہیے کہ ان مسافروں کی رہائش کیلئے معقول انتظامات کئے جائیں ۔انہوں نے کہاکہ اس برفباری کے دورا ن پیش آئے حادثات میںکئی افراد کی جانیں ضائع ہوئی ہیں جبکہ فصلوں کو بھی نقصان پہنچا جن کیلئے جلداز جلد معاوضہ کا اعلان کیا جائے ۔انہوں نے کہاکہ اس سلسلہ کو دیکھتے ہوئے ریاستی انتظامیہ کو چاہیے کہ وہ بچائو ٹیموں کو برفانی علا قوں میں تعینات کرنے کے علا وہ ایمرجنسی نمبرات کو بھی جاری کرئے ۔