سرینگر ///بھرتی بورڈ کی جانب سے درجہ چہارم اسامیوں کے امتحان میں شامل ہونے والے درجنوں اُمیدوار سرحدی علاقہ کرناہ میں درماندہ ہیں او ر مطالبہ کر رہے ہیں کہ ان کا امتحان یا تو ملتوی کیا جائے یا پھر ان کا امتحان کرناہ میں ہی لیا جائے ۔واضح رہے کہ کرناہ کپوارہ شاہراہ پچھلے کچھ روز سے بارشوں کے باعث بند کر دی گئی ہے اور انتظامیہ کا کہنا ہے کہ موسم سازگار رہنے کی صورت میں ہی گاڑیوں کو شاہراہ پر چلنے کی اجازت ہو گی ۔ درجنوں بے روزگار نوجوانوں نے آج ٹی سی پی باغ بالا میں احتجاج کرتے ہوئے حکام سے مطالبہ کیا کہ انہیں شاہراہ پر چلنے کی اجازت دی جائے تاکہ وہ امتحانی مراکز تک پہنچ سکیں یا پھر ان کے امتحان ملتوی کر کے ان کیلئے الگ تاریخ مقرر کی جائے ۔اس دوران تحصیلدار کرناہ اور ایس ایچ او کرناہ نے انہیں یقین دلایا کہ موسم سازگار ہوتے ہی گاڑیوں کو شاہراہ پر چلنے کی اجازت ہو گی، تاہم انہوں نے کہا کہ ہم نے پہلے سے ہی ایڈوائزری جاری کر رکھی تھی تاہم اب معاملہ ایس ایس آر بی اسامیوں کے امتحان کا ہے اور ہم کوشش کر رہے ہیں کہ شاہراہ جلد بحال ہو ،تاہم انہوںنے یہ بھی کہا کہ اگر موسم میں کوئی بہتری نہیں آئی، تو شاہراہ کی بحالی ناممکن ہے ۔