کشتواڑ//ضلع کشتواڑ کی تحصیل درابشالہ کی پنچایت بھروتی کے علاقہ چلاسو کی عوام اس دورجدید میں بھی بنیادی سہولیات کیلئے ترس رہی ہے۔ اگرچہ علاقہ میں بجلی ہے لیکن لکڑی کے بوسیدہ کھمبوں کے ساتھ ترسیلی لائنیں لٹک رہی ہیں۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ اگرچہ ان سے ووٹ لینے کے وقت بڑے بڑے دعوے تو کئے گئے لیکن انھیں کبھی پورا نہ کیا گیا۔ مقامی لوگوں کو پینے کے پانی کیلئے کئی کلومیٹر دور جانا پڑتا ہے جبکہ علاقہ میں تالاب کا گندا پانی بھی مجبور ہوکر استعمال کرنا پڑتا ہے۔ 500کے قریب آبادی والے گائوں کیلئے محض ایک گھنٹے ہی محکمہ پانی فراہم کرتاہے جس سے گزارا کرنا ناممکن ہے۔ انھوں نے بتایا کہ علاقہ می مواصلاتی نظام نہ کے برابر ہے جبکہ موبایل فون کام ہی نہیں کرتاہے اورلوگوں کو فون کال کرنے کیلئے دوسرے جگہوں کا رخ کرنا پڑتا ہے۔سنتوشہ دیوی نے بتایا کہ علاقہ میں بجلی کی ترسیلی لاینیں گھروں کے ساتھ لٹکتی ہیں، لکڑی کے بوسیدہ کھمبے لگے ہیں جبکہ علاقہ میں بجلی محض چند گھنٹوں کیلئے ہی دستیاب ہوتی ہے۔انھوں نے انتظامیہ سے گزارش کی کہ جلد از جلد بنیادی سہولیات کو ممکن بنایاجائے بصورت دیگر عوام اب سڑکوں پر آکر احتجاج کرے گی۔