عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//خیبر سیمنٹ نے اپنی سالانہ روایت کو برقرار رکھتے ہوئے 2026کا کلینڈر جاری کر دیا۔ اس سال کلینڈر کا موضوع کشمیر کاتعمیراتی ورثہ رکھا گیا ہے، جو وادی کشمیر کے تاریخی اور ثقافتی ارتقا کو بصری انداز میں پیش کرتا ہے۔ یہ کلینڈر قدیم بنیادوں سے لے کر بیسویں صدی کی جدید شہری عمارتوں تک کے سفر کو اجاگر کرتا ہے۔2026کا کلینڈر بارہ منفرد اور تحقیق پر مبنی ابواب پر مشتمل ہے، جن میں کشمیر کے مختلف دارالحکومتوں کے عروج و زوال کو دکھایا گیا ہے۔ پانڈریٹھن سے، جہاں شہنشاہ اشوک کے دور میں پتھر نے سیاسی اہمیت حاصل کی، لے کر پریہاس پورہ کی شاندار عمارتوں اور نوشہرہ کے سات منزلہ لکڑی کے عجائب تک، ہر صفحہ تاریخ، طاقت، عقیدے اور تخیل کے امتزاج کو بیان کرتا ہے۔اس موقع پر ڈائریکٹر کارپوریٹ اینڈ اسٹریٹجی، عمر ترمبو نے کہا’’یہ کلینڈر کاروبار سے بڑھ کر ہماری اس سوچ کی عکاسی کرتا ہے کہ ہم اس خطے کی ثقافت اور مٹی سے گہرا تعلق رکھتے ہیں۔ ہمارا یقین ہے کہ حقیقی ترقی ماضی کے احترام کی مضبوط بنیاد پر ہی ممکن ہے‘‘۔خیبر سیمنٹ کے ہیڈ کمرشلز، لیگل اینڈ ریگولیٹری افیئرز منظور احمد میر نے کہا کہ کشمیر کی معماری تاریخ دراصل اس خطے کی زمین میں نقش ایک زندہ داستان ہے، جسے محفوظ رکھنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔