جموں//گورنر کے مشیر خورشید احمد گنائی نے آج مختلف محکموں کے افسرو ں کو ہدایت دی ہے کہ وہ فیلڈ کا دورہ کر کے لوگوں کی مشکلات کے بارے میں جانکاری حاصل کریں اور انہیں حل کرنے کے لئے زمینی سطح پر بروقت اقدامات اُٹھائیں۔مشیر موصوف نے ان باتوں کا اظہار آج یہاں ایک عوامی دربار کے دوران لوگوں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کیا۔مشیر سے جو وفد ملاقی ہوئے اُن میں آل جے اینڈ کے ایس آر ٹی سی والنٹئیر ریٹائرڈ ملازمین، ہارٹی کلچر پلاننگ اینڈ مارکیٹنگ ملازمین، جے اینڈ کے ٹیچرس فورم، گریجویٹ انجینئرز، جے اینڈ کے موٹر ٹرانسپورٹ کمپنی، آل جموں ہوٹلز اینڈ لاجز ایسوسی ایشن، آل کشمیری مائیگرینٹ کمیٹی، جی ایم سی اور دیگر منسلک ہسپتالوں کا نیم طبی عملہ، آل جے اینڈ کے پنچائت کانفرنس، معزز شہری، سماجی کارکن، سیاسی و مذہبی رہنماؤں کے علاوہ کئی دیگر افراد شامل تھے۔وفود نے مشیر کو سڑک رابطوں، بجلی، پانی، صحت اور کئی دیگر امور کے بارے میں جانکاری دی۔ مشیر نے لوگوں کے مسائل غور سے سُنے اور یقین دلایا کہ ان پر ہمدردانہ غور کیا جائے گا۔ انہوں نے کئی ایک معاملات کو موقعہ پر ہی حل کرنے کی ہدایت دی۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت عوامی بہبود کے اقدامات اور مساوی ترقی کو یقینی بنانے کی طرف خصوصی توجہ دے رہی ہے اور لوگوں کے مسائل کو حل کرنے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔مشیر نے کہا کہ عوامی رابطہ پروگرام کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ لوگوں کی دہلیز پر پہنچ کر اُن کے مسائل حل کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ گورنر نے انہیں ہدایت دی ہے کہ وہ لوگوں کے مسائل کے بارے میں جانکاری حاصل کریں۔مشیر موصوف نے ڈائریکٹرسکول ایجوکیشن سے کہا کہ وہ سرکار تعلیمی اداروں میں تعلیم کے معیار میں بہتری لانے کے لئے ایک ایکشن پلان مرتب کریں۔