خواتین کو سماج میں اونچا مقام دلانے میں این سی کا اہم رول:شمیمہ فردوس بانڈی پورہ میں پارٹی کی خواتین ونگ کا کنونشن

 

سرینگر// نیشنل کانفرنس کی خواتین ونگ کا بلاک کنونشن منگل کو ارن بانڈی پورہ میں منعقد ہوا، جس کی صدارت خواتین ونگ کی ریاستی صدر ایڈوکیٹ شمیمہ فردوس نے کی۔ ایک بیان کے مطابق کنونشن سے پارٹی کے سینئر لیڈر اور ضلع صدر بانڈی پورہ میر غلام رسول ناز اور صوبائی صدر خواتین ونگ انجینئر صبیہ قادری نے بھی خطاب کیا۔ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے شمیمہ فردوس نے کہا کہ خواتین کو سماج میں اونچا مقام دلانے کیلئے جو تاریخی اور کلیدی رول نیشنل کانفرنس نے ادا کیا ہے وہ تاریخ کا ایک سنہری باب ہے اور پارٹی آج بھی انہی اصولوں پر قائم و دائم ہے۔فردوس نے کہا کہ نیشنل کانفرنس کو یہ طرہ امتیاز بھی حاصل ہے کہ اسی جماعت نے خواتین کے حقوق کیلئے جدوجہد کی اور خواتین کیخلاف مظالم اور تشدد کیخلاف آواز اُٹھائی اور جہیز جیسی لعنت کیخلاف ایک زور دار مہم چلائی۔ صبیہ قادری نے کہا کہ جموں وکشمیر کے حالات اس وقت دگرگوں ہیں اور تینوں خطوں کے لوگ زبردست مسائل و مشکلات میں مبتلا ہیں اور اس صورتحال کا براہ راست اثر یہاں کا خواتین پر پڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حالات میں سدھار، امن و امان کی بحالی کیلئے مفاہمت کا راستہ اختیار کیا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر کو موجود صورتحال سے نکالنے کیلئے عوامی احساسات، جذبات اور اُمنگوں کو مدنظر رکھ کر چھینی گئی شناخت ، پہچان اور عزت کو بحال کرنے کیساتھ ساتھ منتخبہ حکومت کا ہونا لازمی ہے ۔اُن کاکہنا تھا کہ لیفٹنٹ گورنر اور مٹھی بھر مشیر ایک عوامی منتخبہ حکومت کے متبادل نہیں ہوسکتے۔