سرینگر//فوج کی پندرہویں کورکے سربراہ دیویندرپرتاپ پانڈے نے کہا ہے کہ صرف خواتین نوجوانوں کوملی ٹنسی میں شامل ہونے سے روک سکتی ہیں ۔ خواتین کے مساوات کے دن کے موقعہ پرمنعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے 15 ویںکور کے جنرل آفیسر کمانڈنگ لیفٹیننٹ جنرل ڈی پی پانڈے نے کہا کہ خواتین چاہیں تووہ اپنے بھائیوں اوربچوں سمیت دیگرلوگوں کوملی ٹنسی کا خطر ناک راستہ اختیار کرنے سے روک سکتی ہیں ۔ جنرل پانڈے کاکہناتھاکہ ہمیں اپنے بچوں اور معاشرے کے دشمنوں سے اپنے پیاروں کے ہاتھوں میں ہتھیارتھمادینے پر ان سے سوال کرنے کی ضرورت ہے۔انہوںنے خواتین پر زور دیا کہ وہ باہر نکلیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ ان کے بھائی ،بچے اور دوسرے مرد قوم کے دشمنوں سے محفوظ رہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ تب ہی ممکن ہو سکتا ہے جب خواتین اس کوشش میں ہمارا ساتھ دیں۔ لیفٹنٹ جنرل نے کہا کہ فوج اوردوسری سیکورٹی فورسز ایجنسیوںکی کوشش ہے کہ بندوق اُٹھانے والے نوجوان تشددکاراستہ ترک کرکے اپنے گھروں کولوٹیں اورقومی دھارے میں شامل ہوں ۔انہوںنے کہاکہ جنگجو گروپوں میں شامل مقامی نوجوان جب چاہیں ،تشددکاراستہ چھوڑ کر قومی دھارے میں شامل ہوسکتے ہیں ،اورہم کھلے دل سے ان کاخیرمقدم کریں گے اوران کونئی زندگی شروع کرنے میں مددبھی فراہم کریں گے ۔ جنرل پانڈے نے کہاکہ دوران آپریشن بھی محصور مقامی جنگجوئوں کوسرنڈر کرنے کاموقعہ دیا جاتا ہے اوراعلانیہ طور پر خودسپردگی کی پیشکش کی جاتی ہے ۔انہوںنے کہاکہ آج تک متعددنوجوانوںنے تشددکاراستہ چھوڑا اوراب وہ اپنے اہل خانہ کیساتھ پُرامن اورپُرسکون زندگی گزاررہے ہیں ۔ پانڈے نے کہا کہ سماج اورمعاشرے میں خواتین کااہم رول ہوتا ہے اورہماری مائوں ،بہنوں اوربیٹیوں سے یہ اپیل ہے کہ وہ اپنا رول ادا کریں۔انہوںنے کہاکہ جب کسی کنبے کاکوئی فردملی ٹنسی یادوسراکوئی بھی خطرناک راستہ اپناتایااختیار کرتا ہے توسب سے زیادہ پریشانیوں اورمصائب کاسامنا اس گھرکی خواتین اوربیٹیوں کوہی کرنا پڑتا ہے ۔