شیری بارہمولہ میں جشن کا سماں
فیاض بخاری
بارہمولہ//ضلع بارہمولہ کے شیری ناروائو علاقے سے تعلق رکھنے والے سٹار تیز گیند باز عاقب نبی آئی پی ایل 2026 کی نیلامی میں جموں و کشمیر سے سب سے نمایاں بن کر ابھرے ہیں۔ دہلی کیپیٹلز نے انہیں 8 کروڑ 40 لاکھ روپے کی بھاری رقم میں خرید لیا۔ یہ غیر کیپڈ بھارتی فاسٹ بولر گھریلو کرکٹ میں مسلسل شاندار کارکردگی کی بدولت خبروں میں رہے ہیں، اور دہلی کیپیٹلز نے ان کی خدمات حاصل کرنے میں کوئی تاخیر نہیں کی۔عاقب نبی اس سیزن میںشاندار فارم میں ہیں۔ ٹی20 سید مشتاق علی ٹرافی میں انہوں نے سات میچوں میں 7.41 کی اکانومی ریٹ سے 15 وکٹیں حاصل کیں۔ مدھیہ پردیش کے خلاف اپنے حالیہ میچ میں انہوں نے آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلے 21 گیندوں پر 32 رنز بنا کر قابلِ دفاع سکور کھڑا کرنے میں مدد دی اور پھر تین اہم وکٹیں لے کر جموں و کشمیر کو فتح دلائی۔ان کی گھریلو کارکردگی صرف ٹی20 تک محدود نہیں 26۔ 2025 رنجی ٹرافی کے آغاز میں ہی عاقب نبی نے غیر معمولی کارکردگی دکھائی اور سیزن کے پہلے مرحلے میں ٹاپ پانچ وکٹ لینے والوں میں واحد فاسٹ بولر رہے۔ انہوں نے نو اننگز میں 29 وکٹیں حاصل کیں جبکہ راجستھان کے خلاف 24 رن دے کر 7 وکٹیں لے کر جموں و کشمیر کو ناک آؤٹ مرحلے تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔یہ شاندار کارکردگی ان کی 2024-25 رنجی ٹرافی مہم کے بعد سامنے آئی، جہاں انہوں نے 13.93 کی اوسط سے 44 وکٹیں حاصل کیں۔ ملک میں کوئی بھی فاسٹ بولر اس کے قریب نہ پہنچ سکا۔کشمیر عظمی سے خصوصی بات کرتے ہوئے عاقب کے والد غلام نبی ڈار نے کہا’’میرے پاس الفاظ نہیں ہیں، میں اللہ تعالیٰ کا بے حد شکر گزار ہوں۔ یہ میرے بیٹے کے لیے خواب کی تعبیر ہے، جس کے لیے اس نے دس سال تک سخت محنت کی۔ اس مقام تک پہنچنے کے لیے اس نے غیر معمولی مستقل مزاجی دکھائی۔
کبھی کبھی وہ کھیل جاری رکھنے کے لیے کھانا تک چھوڑ دیتا تھا‘‘۔انہوں نے مزید کہا،‘‘وہ کہتا ہے کہ اسے جس قیمت پر خریدا گیا ہے، اس سے ہمیں کوئی فرق نہیں پڑتا۔ اصل بات یہ ہے کہ اس کا دنیا کی سب سے مالدار لیگ آئی پی ایل میں انتخاب ہے‘‘۔انہوں نے کہا’میں سلیکٹرز اور دہلی کیپیٹلز فرنچائز کا بے حد شکر گزار ہوں، یہ پورے جموں و کشمیر، خاص طور پر بارہمولہ ضلع کے لیے فخر کا لمحہ ہے،ہر طرف خوشی کا ماحول ہے۔‘‘ غلام نبی نے مزید کہا ’اب میرا خواب ہے کہ میرا بیٹا بھارتی قومی ٹیم کے لیے کھیلے اور مجھے امید ہے کہ ایک دن وہ وہاں ضرور پہنچے گا‘۔عاقب کے دوست جبران احمد ڈار نے کہا کہ ’ہمیں اپنے گاؤں میں یہ خوشی دیکھنے میں دس سال لگے، اور آج عاقب نے آخرکار یہ مقام حاصل کر لیا‘۔انہوں نے مزید کہا،‘’یہ نوجوانوں کے لیے پیغام ہے کہ کھیل کس طرح ان کی زندگی بدل سکتا ہے، مستقل مزاجی کس طرح خوابوں کو حقیقت میں بدل دیتی ہے، اور کس طرح وہ جموںو کشمیر میں نہیں بلکہ ایک روشن مستقبل کی نمائندگی کر سکتے ہیں، جیسا کہ ہمارے گاؤں کے اسٹار عاقب نے کیا ہے‘۔ایک اور رشتہ دار بلال احمد نے کہا،’ آج یہ ثابت ہو گیا کہ محنت، جذبے اور لگن کے ساتھ کی گئی کوشش کبھی ضائع نہیں جاتی۔ الحمدللہ، عاقب آخرکار آئی پی ایل تک پہنچ گیا‘۔انہوں نے کہا ’عاقب ہمیشہ کہتا تھا کہ میں کبھی ہار نہیں مانوں گا، اور قومی ٹیم تک پہنچنے تک محنت کرتا رہوں گا۔ آج آئی پی ایل میں انتخاب صرف ایک قدم ہے، اور ہمیں یقین ہے کہ وہ بھارتی ٹیم تک بھی پہنچے گا۔‘شیری گاؤں کے مقامی کرکٹر جبران نے کہا،‘‘میں ذاتی طور پر پچھلے تین سال سے اس لمحے کا انتظار کر رہا تھا۔ پچھلے سال جب عاقب نیلامی میں نہ بکا تو میں بہت رویا، لیکن محنت کا پھل کبھی ضائع نہیں جاتا۔ آج اس کی محنت کا ثمر ملا ہے‘۔بارہمولہ کے معروف کرکٹر جہانگیر لون نے کہا،’یہ پورے جموں و کشمیرکے لیے فخر کا لمحہ ہے۔ ہزاروں کھلاڑیوں میں سے منتخب ہونا آسان نہیں، اور یہ عاقب نبی کی صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے‘۔ادھر عاقب نبی ڈار کے آبائی گاؤں میں جشن کا سماں ہے، لوگ سڑکوں پر رقص کر رہے ہیں اور ان کے آئی پی ایل میں انتخاب کا جشن منا رہے ہیں‘۔