یو این آئی
چنئی//وزیر اعظم نریندر مودی نے ملک کے خلائی تحقیق کے پروگرام میں ایک اہم سنگ میل قائم کرتے ہوئے بدھ کو تھوتھکوڈی ضلع کے کولاسیکراپٹنم میں ہندوستانی خلائی تحقیقی تنظیم (اسرو) کے دوسرے اسپیس پورٹ کا سنگ بنیاد رکھا۔ اسرو نے کہا کہ دوسرے اسپیس پورٹ کا استعمال خاص طورپر صرف چھوٹے سیٹلائٹ لانچ وہیکل (ایس ایس ایل وی) مشنز کو لانچ کرنے کے لیے کیا جائے گا تاکہ سیٹلائٹ کو زمین کے نچلے مدار میں رکھا جا سکے۔ یہ ملک کی خلائی تحقیق کی کوششوں کو جغرافیائی فائدہ فراہم کرے گا۔سری ہری کوٹا کا اسپیس پورٹ پی ایس ایل وی، جی ایس ایل وی، ایل ایم وی-3 اور دیگر مشنز سمیت تمام راکٹ لانچنگ مشنوں کے لئے بنیادی مرکز بنا رہے گا۔ شار رینج میں دو لانچ پیڈ ہیں۔دوسرا راکٹ لانچ سنٹر تقریباً 2233 ایکڑ کے رقبے میں تقریباً 950 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا جائے گا اور یہ ملک کے خلائی تحقیق کے سفر میں ایک نئے دور کا آغاز کرے گا۔کلاسیکرپٹنم اسپیس پورٹ کی اسٹریٹجک اہمیت یہ ہوگی کہ یہ سیٹلائٹ لانچ کے دوران ایندھن کی کھپت کو کم کرے گا۔سری ہری کوٹا سے لانچ کے لئے جنوب مشرقی رفتار کی ضرورت ہوتی ہے، اس کے برعکس کولاسیکراپٹنم سے سیٹلائٹس کی لانچیں سیدھے جنوب کی سمت سے ممکن ہوں گی، جس کے نتیجے میں ایندھن کی بچت ہوگی۔کولاسیکراپٹنم میں پرائیویٹ سیکٹر کی طرف سے کیاجارہا دوسرا اسپیس پورٹ خاص طورپر ایس ایس ایل وی کے لئے وقف ہوگا اور یہ تقریباً دوبرسوں میں پوری طرح تیار ہوجائے گا۔یہ تھوتھکوڈی ضلع میں ایک مکمل لانچ سینٹر ہوگا جو ایس ایس ایل وی لانچ کے لیے وقف ہوگا۔ اس لانچ پیڈ کا استعمال صرف پرائیویٹ سیکٹر کے ذریعہ کیاجائے گا کیونکہ یہاں سے اسرو کے راکٹ لانچ نہیں ہوں گے۔ ایس ایس ایل وی کو مکمل طور پر نجی شعبے کے حوالے کر دیا جائے گا۔ایس ایس ایل وی ایک 3 مرحلوں پر مشتمل لانچ وہیکل ہے جو 500 کلومیٹر پلانر مدار میں تقریباً 500 کلوگرام وزنی سیٹلائٹس کوبھیجنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
سائنس کے قومی دن پر مبارکباد
یواین آئی
نئی دہلی// وزیر اعظم نریندر مودی نے سائنس کے قومی دن پر مبارکباد پیش کی ہے۔مودی نے سائنسی مزاج، اختراع اور ٹیکنالوجی پر اپنے خیالات کا ایک ویڈیو بھی شیٔر کیا۔وزیر اعظم نے ایکس پر پوسٹ کیا’’سائنس کے قومی دن پر مبارکباد۔ ہماری حکومت نوجوانوں میں تحقیق اور اختراع کی حوصلہ افزائی کے لیے مسلسل کام کر رہی ہے۔