بانہال //خطہ چناب کے نشیبی علاقوں میں جمعہ کے روز ہلکی بارش ہوئی تو پیر پنچال پہاڑی سلسلہ کی بالائی چوٹیوں پر موسم کی پہلی برفباری ریکارڈ کی گئی جس سے موسم میں خوشگوار تبدیلی رونما ہوئی ہے۔ ایک مقامی استاد عبد الرحیم بٹ نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ جمعہ کی صبح ہوئی بارشوں کے بعد مصرہ کھل یا انگریز تھم ٹاپ کی پہاڑی جسے مصرہ کھل ٹاپ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے ، پر ہلکی ہلکی برفباری ہوئی اور پہلے ہی ہلکی ہلکی برف کی موجودگی کے علاوہ اس دور پہاڑی پر سفیدی مائیل رنگت دور سے دیکھی جاسکتی ہے ۔ انہوں نے اس کی تصدیق کیلئے ایک تصویر بھی ارسال کی ہے۔قابل ذکر ہے کہ کسی مہم جو سیاح انگریز کی طرف سے تقریباً سات دھائی پہلے ایک سیمنٹ کا کھمبا گاڑھ رکھا گیا ہے اور پیر پنچال پہاڑی سلسلے کی اس اونچی پہاڑی کو انگریز تھم کے نام سے ہی جانا جاتا ہے۔اس غیر متوقع تازہ برفباری کی کسی اورذریعہ ہے تصدیق نہیں ہوسکی ہے اور نا ہی معلوم ہوسکا کہ سفیدی سے ڈھکی پہاڑی کی چوٹی پر آیا تازہ برفباری ہوئی ہے یا ژالہ باری ہوئی ہے ۔ رمضان کے آخری عشرے میں بھی ہوئی بارشوں کے دوران بانہال کے مہو علاقے کے دور پہاڑی پر جو کلگام سے بھی ملتی ہیں پر مقامی خانہ بدوشوں کے تازہ برفباری کی اطلاع کشمیر عظمیٰ کو دی تھی۔ جمعہ کے روز ٹنل کے آر پار ہلکی ہلکی بارشوں سے لوگوں کو راحت ملی اور با نہال اور کھڑی وغیرہ کے علاقوں میں فضا ٹھنڈی ہوگئی ہے اور لوگوں کو گرمی سے راحت ملی ہے ۔