بانہال+ریاسی // بْدھ کی صبح سے ہی خطہ چناب کے بیشتر علاقوں میں ہلکی ہلکی بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا جو وقفے وقفے کے ساتھ شام تک جاری رہا۔ بانہال میں بارشوں کی وجہ سے بیٹری چشمہ اور پنتھیال کے درمیان جموں سرینگر شاہراہ پر پتھر اور پسیاں گر آنے کی وجہ سے گاڑیوں کی آمدورفت کچھ وقت کیلئے متاثر رہی اور ٹریفک جام رہا تاہم مجموعی طور پر امرناتھ یاترا سمیت شاہراہ پر دیگر ٹریفک بغیر کسی خلل کے چلتا رہا۔بْدھ کی صبح سے ہی بانہال اور رام بن کے سیکٹر میں بارشیں ہوئیں جس کی وجہ سے دوپہر بعد بیٹری چشمہ اور ڈگڈول کے درمیان کئی مقامات پر شاہراہ گرتے پتھروں کی زد میں آئی اور گاڑیوں کی آمدورفت کچھ وقت کیلئے متاثر رہی۔ ٹریفک ذرائع کے مطابق شاہراہ پر ڈگڈول اور پنتھیال کے نزدیک گر آئے پتھروں اور ملبے کو شاہراہ سے فوری طور پر صاف کیا گیا اور ٹریفک کی نقل وحمل دوبارہ بحال کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ شاہراہ پر دو طرفہ طور چلنے والی مسافر برادر گاڑیوں کی وجہ سے ڈگڈول ، بیٹری چشمہ اور قصبہ بانہال میں کچھ وقت کیلئے ٹریفک جام رہا تاہم بعد میں معمول کا ٹریفک بحال کیا گیا ہے۔ بدھ کی شام تک بارشوں کا سلسلہ تھم سا گیا تھا تاہم مطلع مسلسل ابر آلود تھا۔ ادھر مہور میں بارشوں کہ سلسلہ جاری ہے تا ہم ابھی تک نقصان کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔ مہور تا گول سڑک سجرو کے مقام پر بند تھی جو آخری اطلاع ملنے تک بند ہی تھی۔اسی طرح مہور سے راجوری جانے والی سڑک بھی پسی گر آنے سے سنگڑی کے مقام پر بند ہوگئی ہے۔بارش کی وجہ سے کئی ایک پل ٹوٹ گئے ہیں۔ایس ایچ او مہور ساجد اقبال نے کشمیر اعظمیٰ کو بتایا کہ مہور پولیس نے لوگوں کو صلاح دی ہے کہ اس دوران سفر کرنے سے گریز کریں۔