سرینگر// نیشنل کانفرنس کے جنرل سیکریٹری علی محمد ساگر نے کہا کہ اُن کی جماعت روز اول سے ہی امن کی فضاء اور لوگوں کے احساسات کی پاسبان رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ آج بھی ہم اسی اصول پر قائم ہیں کہ کشمیریوں کو اپنا حق یعنی جموں کشمیرکا خصوصی درجہ واپس کیا جانا چاہئے تب ہی ریاست میں امن کی فضا اور تعمیر و ترقی کا دور شروع ہوگا۔ایڈوکیٹ ساگر حلقہ انتخاب روزار کے کارکنوں عہدیداروں سے پارٹی ہیڈ کوارٹر پر خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس کی قیادت خصوصی درجہ کی بحالی کیلئے پورے صبر و استقلال کے ساتھ قانونی جنگ لڑ رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نیشنل کانفرنس کسی بھی صورت میں ریاست کی تنظیم نو تسلیم نہیں کرتی ہے اور نہ کرے گی۔