عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//صوبائی کمشنر کشمیر انشل گرگ نے امرناتھ جی یاترا کی تیاری کے سلسلے میں منگل کے روز سری نگر اِنٹرنیشنل ایئرپورٹ پر یاتریوں کے لئے محفوظ، آسان اور پریشانی سے پاک سفرکے تجربے کو یقینی بنانے کے لئے کئے گئے اِنتظامات کا ایک جامع جائزہ لیا۔اْنہوں نے معائینے کے دوران یاتریوں کے لئے قائم سہولیات کا جائزہ لیا جن میں مخصوص ای۔کے وائی سی کاؤنٹرز، یاترا سہولیت مرکز، مسافروں کے اِستقبال کے مقامات اور ایئرپورٹ پر دستیاب دیگر ضروری سہولیات شامل ہیں۔
اِس موقعہ پر سول اِنتظامیہ، ایئرپورٹ اَتھارٹی، جموں و کشمیر پولیس اور سینٹرل اِنڈسٹریل سیکورٹی فورس (سی آئی ایس ایف) کے سینئر اَفسران نے صوبائی کمشنر کو اَپنے اَپنے محکموں کی جانب سے یاتریوں کی آسان آواجاہی کو یقینی بنانے کے لئے کی گئی تیاریوں اور باہمی تال میل کے اقدامات سے آگاہ کیا۔صوبائی کمشنر نے مسائل کے بروقت حل اور یاتریوں کے لئے بلا تعطل خدمات کو یقینی بنانے کے لئے بہتر رابطہ کاری اور مضبوط مواصلاتی نظام کی ضرورت پر زور دیا۔یاتری سہولیت کاؤنٹروںکی مجموعی تعداد 2025 ء میں 54 سے بڑھا کر 2026 ء میں 131 کر دی گئی ہے جن میں ای۔کے وائی سی کاؤنٹرز 21 سے بڑھا کر 59، آر ایف آئی ڈی کاؤنٹرز 20 سے بڑھا کر 32 اور موقعہ پر ہی رجسٹریشن کاؤنٹرز کی تعداد 13 سے بڑھ کر 40 ہو گئی ہے۔پانتہ چھوک، سری نگر اِنٹرنیشنل ایئرپورٹ اور ریلوے سٹیشن نوگام سمیت اہم مقامات پر رجسٹریشن کی اضافی سہولیات قائم کی گئی ہیں۔دورے کے دوران صوبائی کمشنرکے ہمراہ ضلع ترقیاتی کمشنر بڈگام اطہر عامر ،سینئر سپر اِنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) بڈگام اور متعلقہ محکموں کے دیگر اَفسران بھی تھے۔