جموں//آل جے اینڈکے ایم جی نریگا ایمپلائز ایسوسی ایشن کے بینرتلے منریگاملازمین نے محکمہ دیہی ترقی میں ملازمت کی مستقلی کی مانگ کولے کراحتجاجی مظاہرہ کیا۔منریگاملازمین صبح گیارہ بجے یہاںنمائش گرائونڈکے باہر جمع ہوئے اور اپنی مانگوں کے حق میں احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے مسلسل 20ویں دن بھی حکومت پردیرینہ مطالبات پورے کرنے پرزوردیا۔آل جے اینڈکے ایم جی نریگا ایمپلائز ایسوسی ایشن کے صدرسندیپ کلوترہ نے کہاکہ ہم حکومت کی عدم توجہی کے سبب مسلسل 17دنوں سے احتجاجی کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کنٹریکچول ملازمین ریاستی گورنرسے امیدرکھتے ہیں کہ وہ ہمارے جائزمطالبات کوتسلیم کریں گے۔ اس دوران جموں میں منعقدہ احتجاجی مظاہرے میں صوبہ جموں کے دیگراضلاع کے منریگاملازمین نے بھی بڑے چڑھ کرحصہ لیااوراپنی مانگوں کے حق میں نعرے بازی کی۔انہوں نے کہاکہ ہماری محکمہ دیہی ترقی سے دیرینہ مانگ ہے کہ ہمارے لیے جاب پالیسی تشکیل دی جائے۔انہوں نے کہاکہ ہم تب تک احتجاج کوجاری رکھیں گے جب تک ہماری مانگ پوری نہیں ہوگی۔انہوں نے کہاکہ ہماری پہلی اورآخری مانگ مستقلی ہے ۔انہوں نے کہاکہ ہم نے 9جولائی 2018 سے ضلع ہیڈکوارٹروں اورصوبائی سطح پر غیرمعینہ ہڑتال /احتجاج شروع کیاہے ۔احتجاجی مظاہرین میں پروگرام افسران ، ایم آئی ایس آپریٹرس ، ٹیکنیکل اسسٹنٹس ، گرام روزگارسہایکس اوراکائونٹس اسسٹنٹ شامل ہیں ۔سراپااحتجاج منریگاملازمین نے کہاکہ سابقہ حکومت نے ہمارے ساتھ جھوٹے وعدے اوریقین دہانیاں کیں ۔انہوں نے کہاکہ ہم نے 2017 میں احتجاج کیاتھاجس کے بعد کمیٹیاں تشکیل دی گئی تھیں اورکہاگیاتھاکہ یہ کمیٹیاں دومہینے کے اندررپورٹ جمع کریں گی لیکن سات ماہ گذرنے کے باوجود نہ تورپورٹ جمع کرائی گئی ہے اورنہ ہی کوئی پالیسی تشکیل دی گئی ۔انہوں نے کہاکہ ہمارے بیشترہنرمند ملازمین پچھلے دس بارہ برسوں سے محکمہ میں شاندارکام کررہے ہیں اوراب کافی سارا تجربہ رکھتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ منریگاملازمینمحکمہ دیہی ترقی کی مختلف سکیموں بشمول پی ایم اے وائی (جی )،ایس بی ایم، سی ڈی ایف، ایم پی ایل اے ڈی ایس، ایم جی نریگا وغیرہ میں گذشتہ بارہ برسوں سے کام کررہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ حکومت کوہمارے تجربے کومدنظررکھتے ہوئے ہمیں محکمہ میں مستقل کیاجاناچاہیئے۔انہوں نے کہاکہ خدمات کی مستقلی کی پالیسی نہ بنائے جانے کے سبب 4500 ملازمین کے کنبوں کامستقبل خطرے میں پڑگیاہے۔انہوں نے انتباہ دیاکہ اگرحکومت نے ہماری مانگوں کوپورانہیں کیاتو ہم آنے والے دنوں میںاحتجاج میں شدت لائیں گے۔