سری نگر//قومی کمیشن برائے خواتین کی چیئرپرسن ریکھاشرما اور آل پارٹیز سکھ کوآرڈی نیشن کمیٹی (اے پی ایس سی سی)صدر جگموہن سنگھ رینہ ، صدر جے کے ڈبلیو پی اور دیگر وفودنے راج بھون میں لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے ملاقات کی۔ ریکھاشرمانے لیفٹینٹ گورنرکے ساتھ خواتین کی بہبود کیلئے متعدد بہبودی پروگراموں کے علاوہ خواتین کیلئے ون اسٹاپ سینٹروں کے کام کاج پرتبادلہ خیال کیا۔ ان کے ہمراہ مشن ڈائریکٹر آئی سی پی ایس شبنم کاملی بھی تھیں ۔لیفٹینٹ گورنر نے اس موقعہ پر کہا کہ حکومت خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے ان کی سلامتی،برابر مواقع اور زندگی کے تمام شعبوں میں ان کی شمولیت کو یقینی بنانے کیلئے پرعزم ہے۔نیشنل اسٹوڈنٹس یونین آف انڈیا کے نیرج کندن بھی راج بھون میں لیفٹینٹ گورنرسے ملاقی ہوئے اور نوجوانوں کی بہبود کیلئے مختلف امور پر بات کی۔ادھر آل پارٹیز سکھ کوآرڈی نیشن کمیٹی (اے پی ایس سی سی) کے چھ ممبران پر مشتمل وفد نے چیئرمین جگموہن سنگھ رینہ کی قیادت میں لیفٹیننٹ گورنر کو جموں و کشمیر میں رہائش پذیر سکھ برادری کو درپیش مختلف امور سے آگاہ کیا اور اپیل کی ان امور پر خصوصی توجہ دی جائے ۔وفد نے اقلیتی برادریوں کے مفادات کیلئے قومی کمیشن برائے اقلیتی ایکٹ کی جموں و کشمیر میں توسیع اور سکھ نوجوانوں کے لئے خصوصی ملازمت پیکیج کی مانگ کی۔اسی طرح سیاسی کارکن اور صدر جموں و کشمیر ورکرس پارٹی (جے کے ڈبلیو پی) میر جنید نے بھی لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہاسے ملاقات کی اور معاشرے کے پسماندہ طبقات کی فلاح و بہبود سے متعلق مختلف اہم سیاسی اور ترقیاتی اموراُجاگر کئے۔لیفٹیننٹ گورنر نے وفود کو بغور سنا اور انہیں یقین دلایا کہ ان کے جائز مسائل کا جائزہ لے کر ان کا ازالہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ یوٹی انتظامیہ بلاامتیاز سماج طبقوں کی یکسان ترقی اور فلا ح و بہبود کے لئے پُرعزم ہے ۔انہوں نے وفود کے ارکان کو عوام کی فلاح و بہبود کے لئے اپنا کام جاری رکھنے کے لئے کہا۔ دریں اثنا پانپور علاقے کی ایک طالبہ آیت نے بھی لیفٹیننٹ گورنر سے ملاقات کی اور طالب علموں کے درپیش امور سے انہیں آگا ہ کیا ۔ لیفٹیننٹ گورنر نے انہیں یقین دلایا کہ طالبوں کے مسائل ترجیحی بنیاد پر حل کیا جائے گا۔