مےنڈھر//نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈر و ممبر اسمبلی مینڈھر جاوید احمد رانا نے کہاکہ آج وطنِ عزیز کو کسی مذہبی سنگھٹن کی ضرورت نہیںبلکہ آج ملک کو محبِ الوطن اور سیکولر سنگھٹن کی ضرورت ہے۔ان کاکہناتھاکہ وقت تقاضا کرتا ہے کہ موجودہ سیاسی تفرقہ اور مذہبی جنون ملکی کمزوری کی جانب ایک واضح اشارہ ہے جس کی بنا پر ہمیں مستقبل میں کوئی بڑاخطرہ پیش آ سکتا ۔رانا نے کہاکہ منافرت،تقسیم و تفریق کے مکمل خاتمے کیلئے اتحاد عملی شرط اول ہے ،اگر اس میں زرہ بھر بھی کمی بیشی ہوئی تو عجب نہیں کہ ہم کسی دوسرے بڑے خطرہ سے دوچار ہو جائیں۔ان کاکہناتھاکہ ہم آج ایسے وسط میں کھڑے ہیں جس کی ایک انتہاءغفلت ہے اور دوسری مایوسی،اگر ہم نے مشکلات کو اصلیت سے زیادہ سمجھا تو یہ غفلت کی طرف اقدام ہوگا اور اگر کم کرکے دیکھا تو اس میں مایوسی کی جانب بڑھ جانے کا اندیشہ ۔انہوںنے اپنے بیان میں کہاکہ اس میں بھی شک نہیں کہ آج حکومتیں،جماعتیں ،قانون نافذ کرنے والے ادارے متعصب ہو چکے ہیں اوربعض چہرے تعصب کے سمندر میں اس قدر غوطہ زن ہیں کہ انہیں مخصوص رنگ و نسل کے انسان چیونٹی سے بھی حقیر نظر آتے ہیںلیکن اس حقیقت سے بھی انکار نہیں کیا جا سکتا کہ عوام میں علم کی وسعت نے عقلی نشو ونما نے اپنی روشنی سے پوری دنیا میں ہزاروں نہیں بلکہ کروڑوں بے تعصب انسان پیدا کر دئیے ہیں جن میں اتنی سچائی ہے کہ وہ حقیقت کو برملا اورسرِخم تسلیم کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں آپسی اختلافات،نفرت برائے نفرت کوختم کرکے مل بیٹھ کر مستقبل کے امن و امان ،اتحاد و اخوت اور باہمی میل جول کی ایک نئی بنیاد رکھنی ہو گی تاکہ آئندہ آنے والی نسلوں کے روشن مستقبل کا تعین کیا جا سکے۔جاوید احمد رانا نے کہاکہ نفرت ہمارے سماج کو دھمک کی طرح چاٹ رہی ہے اور فرقوں اور قبائل میں تقسیم ہوتے جا رہے ہیں،علاقائی تعصب اپنے عروج پر ہے اورنفسا نفسی کا عالم ہے ،ان حالات میں ملکی و ملی سالمیت کو خطرہ لا حق ہے۔انہوںنے کہا کہ مادر وطن کی وجہ سے ہم سب کی پہچان ہے اور وقار بلند ہے، اگر اس میں رتی بھر بھی کمی بیشی ہوئی تو ہمارا بھی وہی حشر ہو گا جو تاریخ نے مغلوب قوموں کا حشر ثابت ہوا ہے۔ممبر اسمبلی مینڈھر نے کہا کہ آج ملکی اقتدار پر قابض اپنی فرقہ پرست ذہانت کی بدولت معصوم عوام کو ذات پات،مہذب اور علاقائی بنیادوں پر تقسیم کرنے کی ناپاک سازش میں مصروف ہیں جو کہ مجموعی ملکی مفاد کے منافی ہے۔