ؑعظمیٰ مانیٹرنگ ڈیسک
بیت المقدس //اسرائیل کی جانب سے غزہ پر وحشیانہ بمباری جاری ہے، حملوں کے باعث رہائشی عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئیں۔اسرائیلی بمباری سے غزہ میں جاں بحق افراد کی تعداد1570 ہو گئی ہے جبکہ حماس کے حملوں میں 1300 اسرائیلی ہلاک ہوچکے ہیں۔تازہ کارروائیوں میں غزہ پر ہزاروں ٹن بارود گرا دیا گیا، عمارتیں، ہسپتال، سکول کچھ بھی نہ چھوڑا، بندرگاہ پر ماہی گیروں کی کشتیوں کو بھی نشانہ بنایا گیا، قابض افواج کی ایک ہفتے سے جاری بربریت کے نتیجے میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 1500 ہو گئی جن میں بچوں اور خواتین کی بڑی تعداد شامل ہے جبکہ 6ہزار سے زائد زخمی اور 3لاکھ سے زائد فلسطینی بے گھر ہو گئے ہیں۔
اسرائیل نے غزہ پر فضائی بمباری کے بعد زمینی حملوں کی تیاری بھی مکمل کر لی، اسرائیلی افواج کی جانب سے غزہ پر ٹینکوں کے ذریعے چڑھائی کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے، اس حوالے سے شمالی سرحدی علاقوں پر جدید ٹینک اور فوجی دستے تعینات کر دیئے ہیں جبکہ لاکھوں فوجیوں کو بھی غزہ کی سرحد پر جمع کر لیا گیا ہے۔حماس سے لڑائی کے باوجود مغربی کنارے پر بھی اسرائیلی فوجیوں نے 2فلسطینیوں کو فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا جبکہ مقبوضہ بیت المقدس اور قلندیہ کے مہاجر کیمپوں پر چھاپے مار کر نہتے فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا، کئی پر تشدد بھی کیا گیا۔