حسنین مسعودی کا ترال دورہ | زیر تعمیر منی سیکریٹریٹ اور سب ضلع ہسپتال کا معائنہ

سرینگر//نیشنل کانفرنس کے رکن پارلیمان برائے جنوبی کشمیر جسٹس (ر) حسنین مسعودی نے سنیچر کودورئہ ترال کے دوران وہاں زیر تعمیر منی سکریٹریٹ کے کام کاجائزہ لینے کے علاوہ سب ضلع ہسپتال کا بھی معائنہ کیا۔ انہوں نے کئی مقامات پر لوگوں کے ساتھ بات چیت کی اور اُن کے مسائل و مشکلات کی بھی جانکاری حاصل کی۔ مسعودی نے زیر تعمیر منی سکریٹریٹ پر جاری کام کی سست روی پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک انتہائی اہم پروجیکٹ ہے جس کا براہ راست فائدہ عوام کو پہنچے گا لیکن افسوس کی بات ہے کہ تعمیری کام سست رفتاری سے چل رہاہے اور اگر ایسے ہی کام چلتا رہا تو مستقبل قریب میں اس پروجیکٹ کی تکمیل ہوتی نظر نہیں آرہی ہے۔ انہوں نے انتظامیہ کے ساتھ ساتھ متعلقہ ایجنسی پر زور دیا کہ منی سکریٹریٹ کے کام میں تیزی لائی جائے اور مقررہ مدت کے اندر اندر پروجیکٹ کو مکمل کیا جائے۔ مسعودی نے سب ڈسٹرکٹ ہسپتال میں کلیدی ساز و سامان کی عدم دستیابی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہسپتال میں سہولیات کے فقدان سے مقامی آبادی کو زبردست مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہاہے اور مریضوں کو سرینگر کی طرف رُخ کرنے کیلئے مجبور ہونا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتال میں گرمی کا کوئی انتظام بھی نہیں ہے جس سے موسم سرما کے دوران مریضوں اور تیمارداروں کو زبردست کوفت کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ انہوں نے حکام پر زور دیا کہ وہ ہسپتال میں موسم سرما سے قبل ہی ہیٹنگ سسٹم نصب کیا جائے۔ اس کے علاوہ مسعودی نے مختلف انجمنوں کے نمائندوں سے بھی بات کی۔ میوہ صنعت سے جڑے افراد نے کہا کہ ترال میں میوہ منڈی نہ ہونے کی وجہ سے انہیں دور دور منڈیوں تک اپنا مال لیکر جانا پڑتا ہے ، جس سے کاشتکاروں پر اخراج کے بوجھ میں اضافہ ہوتا ہے۔ مسعودی نے میوہ صنعت سے جڑے افراد کو یقین دہانی کرائی کہ وہ ترال میں میوہ منڈی کے قیام کیلئے متعلقہ حکام کیساتھ معاملہ اُٹھائیں ۔ مقامی لوگوں نے بجلی اور پینے کے پانی کی قلت کے مسائل بھی اُن کے نوٹس میں لائے ۔ مسعودی نے آر اینڈ حکام پر زور دیا کہ سید آباد ترال سے وہاب صاحب تک روڑ پر میکڈم بچھایا جائے۔ اُن کے ہمراہ پارٹی کے سینئر لیڈر ڈاکٹر غلام نبی بٹ اور مقامی عہدیداران بھی تھے۔