سرینگر// نیشنل کانفرنس رکن پارلیمان جسٹس (ر) حسنین مسعودی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ سے ملاقی ہوئے۔ انہوں نے وزیر موصوف سے کہا کہ فوجی کانوائے کے وقت سول ٹریفک کی نقل و حمل مکمل طور پر بند کی جاتی ہے جو نہ صرف عام لوگوں کیلئے باعث عذاب ہے بلکہ اس سے مریضوں خصوصاً حاملہ خواتین کو زبردست مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ اس عمل سے ملازمین کا بھی وقت ضائع ہوجاتا ہے اور سیاحوں کو بھی کافی کوفت کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ دو سال سے فوجی کانوائے کے وقت ہر روز سول گاڑیوں کو روکنا روز کا معمول بن گیا ہے۔ انہوں نے وزیر موصوف پر زور دیا کہ اس طریقہ کار پر نظرثانی کی جائے تاکہ لوگوں کو راحت پہنچائی جاسکے۔ اس کے علاوہ مسعودی نے وزیر دفاع کے سامنے فوج کے زیر تصرف زمینوں کے کرایہ کا بھی معاملہ اُٹھایا ۔ انہوں نے وزیر دفاع پر زور دیا کہ مذکورہ زمین مالکان کو فوری طور پر کرایہ ادا کیا جانا چاہئے ۔ مسعودی نے وزیر دفاع کے ساتھ AIMSکی تعمیر کا معاملہ بھی اُٹھایا ۔